منگل 12 مئی 2026 - 09:29
سید عمار حکیم کی نامزد وزیراعظم عراق سے ملاقات / نئی حکومت کی تشکیل اور ملکی صورتحال پر تبادلۂ خیال

حوزہ / عراقی الحکمت قومی پارٹی کے سربراہ نے نئے نامزد عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی سے ملاقات کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی الحکمت قومی پارٹی کے سربراہ حجت الاسلام سید عمار حکیم نے نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے نامزد وزیراعظم علی فالح الزیدی سے ملاقات کی۔ جس میں نئی حکومت کی تشکیل اور ملکی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

انہوں نے قانونی مدت کی پابندی اور ایک ایسی حکومت کی تشکیل کی اہمیت پر زور دیا جس میں باصلاحیت وزراء شامل ہوں تاکہ وہ عراق کی تاریخ کے اس حساس مرحلے میں حکومتی اداروں کو مؤثر انداز میں چلا سکیں۔

حجت الاسلام سید عمار حکیم نے کہا: موجودہ مرحلے میں ترجیحات کو مدنظر رکھنا انتہائی ضروری ہے اور اس وقت عراق کی سب سے بڑی ترجیح معاشی بحران اور مالی مشکلات سے نمٹنا ہے۔

عمار حکیم نے عراق کی تیل برآمدات کے راستوں کو متنوع بنانے اور صنعت، زراعت، سیاحت، سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی جیسے پیداواری شعبوں کو فعال کر کے آمدنی کے ذرائع بڑھانے پر زور دیا۔

انہوں نے اس بات پر بھی تاکید کی کہ بیوروکریسی اور انتظامی رکاوٹوں کا خاتمہ ضروری ہے کیونکہ یہ مسائل ان شعبوں کی ترقی میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔

سید عمار حکیم نے اس بات پر زور دیا کہ عراق کو تمام ممالک کے ساتھ مثبت تعلقات قائم رکھنے چاہئیں اور نئی خدمت گزار حکومت کی تشکیل کے لیے بین الاقوامی اور علاقائی حمایت سے فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ عراقی عوام کی امیدوں اور خواہشات کو پورا کیا جا سکے۔

عراقی الحکمت قومی پارٹی کے سربراہ نے مزید کہا: عراق کو علاقائی اور عالمی ممالک کے ساتھ تعلقات اور شراکت داری کو فروغ دے کر ماحول کو بہتر بنانا چاہیے تاکہ تمام فریقوں کے مفادات کا تحفظ ہو اور عراق کی خودمختاری برقرار رہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha