۲۳ آبان ۱۴۰۳ |۱۱ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 13, 2024
عمار حکیم

حوزہ/ عراقی قومی اتحاد کے سربراہ حجت الاسلام سید عمار حکیم نے عراق میں اقوام متحدہ کے نمائندے محمد الحسان سے ملاقات کی اور غزہ و لبنان میں جنگ بندی پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، عراقی قومی اتحاد کے سربراہ حجت الاسلام سید عمار حکیم نے عراق میں اقوام متحدہ کے نمائندے محمد الحسان سے ملاقات کی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے مشن کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراق سیاسی، سیکیورٹی اور سماجی سطح پر بے مثال استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے اور علاقائی سطح پر اپنے کردار کو دوبارہ اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دے رہا ہے۔

سید عمار حکیم نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے کردار کو عراق کی ترقی میں معاون قرار دیا اور کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں میں عراق میں مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو ملی ہیں، جس کے اثرات اب عوام تک پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عراقی سیاست اب قوم پرستانہ رخ اختیار کر چکی ہے، اور اختلافات نسلی یا فرقہ وارانہ بنیادوں سے سیاسی میدان تک محدود ہو چکے ہیں۔

سید عمار حکیم نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ موجودہ استحکام کو مستقل امن میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عراق کو علاقائی استحکام کی اہمیت ثابت کرنے کے لیے اپنے بین الاقوامی کردار کو دوبارہ حاصل کرنا ہوگا۔

انہوں نے مرجع اعلیٰ آیت اللہ سیستانی کے حالیہ بیانیے کو عراق اور خطے کے مسائل کے حل کا روڈمیپ قرار دیتے ہوئے اس کے تمام نکات کی حمایت پر تاکید کی۔ عمار حکیم نے خطے کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ جنگ میں شدت سے گریز کرتے ہوئے فوری طور پر غزہ اور لبنان میں جنگ بندی، بے گھر افراد کی امداد، اور تباہ شدہ علاقوں کی بحالی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .