بدھ 17 جون 2026 - 13:24
محرم الحرام 1448ھ میں پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ / مختلف قسم کی پابندیاں عائد

حوزہ / محکمۂ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، محکمۂ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں 17 جون سے 26 جون تک دفعہ 144 نافذ رہے گی جبکہ اس کے تحت درج ذیل سات قسم کی پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں:

  1. محرم الحرام کے دوران صرف منظور شدہ جلوس اور مجالس کے انعقاد کی اجازت ہو گی۔
  2. عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
  3. عوامی جذبات، عقیدوں اور فرقوں کو بھڑکانے والے اشتعال انگیز نعروں اور اشاروں پر بھی پابندی ہو گی جبکہ فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے بیانات اور تبصروں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
  4. جلوس کے راستوں پر واقع مکانات یا دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچوں کی تعمیر کی اجازت نہیں ہو گی۔
  5. جلوس کے راستوں میں موجود عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
  6. جلوس کے دوران راستے میں واقع عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی پر پابندی ہو گی۔
  7. ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ (بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ)۔

قابل ذکر ہے کہ اس نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری کے علاوہ تمام پابندیوں کا اطلاق یکم سے 10 محرم الحرام 1448ھ تک ہو گا جبکہ ڈبل سواری پر پابندی صرف 9 اور 10 محرم الحرام کو نافذ رہے گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha