جمعہ 19 جون 2026 - 01:13
شیعہ علماء کونسل پاکستان: ایس او پیز کے نام پر ذکر حسینؑ میں کسی قسم کی رکاوٹ کو قبول نہیں

حوزہ/شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما نے کہا کہ ایس او پیز کے نام پر ذکر حسین میں کسی قسم کی رکاوٹ کو قبول نہیں۔ ہم پہلے بھی قربانیاں دیتے رہے ہیں؛ آئندہ بھی دیں گے، لیکن سید الشہداء کے ذکر سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پنجاب کے فوکل پرسن قاسم علی قاسمی نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی طرف سے عزادارانِ امام حسین علیہ السلام کے لیے سہولیات کی فراہمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاشبہ ایسی مثال کسی دوسرے صوبے میں نہیں ملتی، لیکن ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہمارے لیے عزاداری اہمیت رکھتی ہے۔ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس وقت کچھ مقامات پر عزاداری سید الشہداء کے انعقاد میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔ خاص طور پر انتظامیہ کا پارٹی بن جانا قابلِ افسوس ہے۔ غیر قانونی اور غیر آئینی طور پر چار دیواری کے اندر ہونے والی مجالس کو روکنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ عزاداری کے راستے میں ہونے والی رکاوٹوں کو دور کیا جائے ۔ایس او پیز کے نام پر ذکر حسین میں کسی قسم کی رکاوٹ کو قبول نہیں ،ہم پہلے بھی قربانیاں دیتے رہے ہیں؛ آئندہ بھی دیں گے، لیکن سید الشہداء کے ذکر سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عزاداری ہماری عبادت کا حصہ ہے اور ہم اس سے بجا لاتے رہیں گے اور یہ خدمت آج سے نہیں صدیوں سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ میں عزاداری میں رکاوٹوں پر اشتعال پایا جاتا ہے۔ حکومت نے اپنا رویہ نہ بدلا تو یہ اشتعال ایک لاوے کی شکل میں پھٹ بھی سکتا ہے اور شیعہ علماء کونسل عزادارانِ امام حسین علیہ السلام کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ پاکستان جیسے اسلامی ملک میں کیسے ہو سکتا ہے کہ نواسہ رسول کا ذکر اور تبلیغی مجالس کا انعقاد نہ کیا جا سکے؛ ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔ حتیٰ کہ کئی ایسے واقعات بھی ہوئے کہ اپنے گھر پر علم کشائی کی تقریب رکھی تو ایف آئی آر درج کروائی گئی۔ یہ ریاستی اختیارات سے تجاوز ہے،جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ بی بی پاک دامناں کے دربار پر اگر کوئی عقیدت مند پیدل جاتا ہے، یا مجلس میں پیدل چل کر شرکت کرتا ہے تو اس پر بھی رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں۔ ہم ایسی کسی رکاوٹ کو تسلیم نہیں کرتے اور حیرت کی بات ہے کہ خیبر پختون خواہ، بلوچستان اور سندھ میں ایسی غیر قانونی مثالیں نہیں ملتیں، یہ انوکھا جبر صرف پنجاب کی انتظامیہ کی طرف سے روا رکھا جا رہا ہے۔ ہم ہر صورت مجلس کریں گے؛ ذکر حسین ؑسے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha