ہفتہ 20 جون 2026 - 14:30
اسلام آباد میں پہلی بار "محفوظ محرم" ایپ کا اجراء / اسمارٹ سیکیورٹی سسٹم عزاداران حسینی (ع) کی خدمت میں

حوزہ / وفاقی دارالحکومت میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کے تحت پہلی بار ایک خصوصی ڈیجیٹل ایپلیکیشن "محفوظ محرم" متعارف کرائی گئی ہے۔ یہ ایپ شہریوں کو مشکوک افراد، سرگرمیوں یا ناکافی سیکیورٹی انتظامات کی اطلاع فوری طور پر حکام تک پہنچانے کے قابل بنائے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اس ایپ (Mehfooz Muharram) میں لائیو لوکیشن شیئرنگ اور تصویر شیئرنگ کی سہولت بھی شامل ہے تاکہ حکام ممکنہ خطرات کا بروقت جواب دے سکیں۔ اس کے علاوہ، تمام امام بارگاہوں، مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کے راستوں کی مکمل جیو ٹیگنگ کی گئی ہے اور ڈرون کے ذریعہ ڈیجیٹل نگرانی بھی کی جائے گی۔

ان اقدامات کا جائزہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں لیا گیا جس کی صدارت وزیر داخلہ محسن نقوی نے کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ محرم کے دوران سیکیورٹی آپریشنز کی نگرانی اور مربوط کرنے کے لیے سیف سٹی اسلام آباد میں ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ پاکستان سید محسن نقوی نے تمام مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کے ارد گرد چار سطحوں کا سیکیورٹی گھیرا اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی ہدایت کی۔

انہوں نے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد اور اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی بھی تاکید کی۔

حکام نے اس بات پر اعتماد کا اظہار کیا کہ مربوط سیکیورٹی فریم ورک اور جدید ترین ٹیکنالوجی کی نگرانی دارالحکومت میں ایک پرامن اور محفوظ محرم کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha