حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ نے یومِ عاشورا کے موقع پر شہید امت سید حسن نصراللہ کے مزار کے جوار میں مرکزی مجلسِ عزا اور عظیم عاشورائی جلوس کا انعقاد کیا، جس میں حزب اللہ کی قیادت، سیاسی و سماجی شخصیات، علمائے کرام، شہدائے مزاحمت کے اہل خانہ، زخمیوں اور بیروت و جنوبی مضافاتی علاقوں سے آئے ہوئے ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی۔
مرکزی مجلسِ عزا کے بعد شیخ علی سلیم نے مصائبِ امام حسین علیہ السلام بیان کیے، جس کے بعد شہید سید حسن نصراللہ کے مزار کے سامنے سے مرکزی عاشورائی جلوس برآمد ہوا۔ جلوس امام خمینی بلیوارڈ سے ایئرپورٹ روڈ تک اپنے مقررہ راستے پر آگے بڑھا، جس میں امام مہدی علیہ السلام اسکاؤٹس، علم بردار دستے اور شہدائے مزاحمت کے اہل خانہ اپنے شہداء کی تصاویر اٹھائے شریک ہوئے۔
جلوس کے دوران عزاداروں نے "لبیک یا حسین"، "ما ترکتک یا حسین"، "ہیہات منا الذلۃ"، "اسرائیل مردہ باد" اور "امریکہ مردہ باد" کے نعرے بلند کیے، جبکہ ماتمی دستوں نے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کے ذریعے حضرت امام حسین علیہ السلام، اہل بیت علیہم السلام اور شہدائے کربلا کو پرسہ پیش کیا۔
اس موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ منتظمین نے امام خمینی بلیوارڈ کے مغربی حصے کو مردوں اور مشرقی حصے کو خواتین کے لیے مختص کیا تاکہ عزاداری کے انتظامات منظم انداز میں انجام دیے جا سکیں۔









آپ کا تبصرہ