حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، محرم الحرام کے ایامِ عزا کی مناسبت سے لبنان کی مقاومتی تنظیم حزب اللہ نے جنوبی لبنان اور بیروت کے مختلف علاقوں میں حضرت امام حسین علیہ السلام، اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام اور شہدائے کربلا کی یاد میں مجالسِ عزاء کا انعقاد کیا، جن میں علماء، سماجی شخصیات، شہداء کے اہلِ خانہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
حزب اللہ کی جانب سے جنوبی لبنان کے قصبہ جون کے حسینیہ میں ایک مجلسِ عزا منعقد کی گئی، جس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں شیخ خضر عید نے محرم الحرام کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے واقعۂ کربلا کے پیغام پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد شیخ علی حیدر نے مصائبِ اہلِ بیت علیہم السلام بیان کیے، جبکہ عزاداروں نے نوحہ خوانی، سینہ زنی کے ذریعے حضرت سید الشہداء علیہ السلام کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اسی طرح حزب اللہ نے جون کے اسپورٹس گراؤنڈ میں بھی ایک اور مجلسِ عزا کا اہتمام کیا، جہاں شیخ محمد نبیہ الحاج نے مصائب سید الشہداء پڑھا اور شرکائے مجلس نے بھرپور انداز میں عزاداری کی۔
دوسری جانب بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے مریجہ میں واقع امام جواد علیہ السلام کمپلیکس کی مسجد میں بھی محرم الحرام کی مجلسِ عزا منعقد ہوئی۔ اس مجلس میں علماء، معزز شخصیات، شہداء کے اہلِ خانہ اور عوام الناس کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
مجلس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے کیا گیا، جس کے بعد سید حسین حجازی نے اہلِ بیت علیہم السلام کے مصائب بیان کیے۔ اس موقع پر عزاداروں نے پرسوز نوحہ خوانی اور سینہ زنی کے ذریعے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور حسینی نعروں سے فضا کو معطر کر دیا۔
حزب اللہ کی جانب سے محرم الحرام کے سلسلے میں جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں، بالخصوص مرقدِ شہید سید حسن نصراللہ کے اطراف بھی عزاداری کا سلسلہ جاری ہے، جہاں مؤمنین بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں۔









آپ کا تبصرہ