حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے طبی شعبے الرضا ہیلتھ کیئر اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن نے محکمہ صحت کرگل کے اشتراک سے 9 اور 10 محرم الحرام 1448ھ کے موقع پر پرانے ٹیکسی اسٹینڈ، کرگل میں بلڈ ڈونیشن کیمپ، میگا ملٹی اسپیشلٹی ہیلتھ چیک اپ کیمپ، مفت ادویات کی تقسیم اور عزاداروں کے لیے سبیل کا انعقاد کیا۔
اس موقع پر لیہہ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے چیئرمین و چیف ایگزیکٹو کونسلر ڈاکٹر محمد جعفر اخون نے کیمپ کا دورہ کیا اور فاؤنڈیشن کی جانب سے انجام دی جانے والی انسانی و سماجی خدمات کو سراہا۔
بلڈ ڈونیشن کیمپ میں مجموعی طور پر 98 افراد نے خون عطیہ کرنے کے لیے اپنا اندراج کرایا، جن میں سے ضلع اسپتال میں خون محفوظ کرنے کی گنجائش کے مطابق 39 رضاکاروں نے خون عطیہ کیا، جبکہ دیگر رجسٹرڈ عطیہ دہندگان کی معلومات مستقبل میں ہنگامی ضرورت کے پیش نظر محفوظ کر لی گئیں۔ اس دوران اے منفی (-A) اور او منفی (-O) جیسے نایاب بلڈ گروپس رکھنے والے عطیہ دہندگان کی بھی نشاندہی کی گئی تاکہ ضرورت کے وقت مریضوں کو فوری خون فراہم کیا جا سکے۔ خون عطیہ کرنے والے رضاکاروں کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا۔
فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر محمد عباس کی نگرانی میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے تقریباً 700 عزاداروں اور مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا اور تمام مستحق افراد میں بلا معاوضہ ادویات تقسیم کیں۔
جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے صدر شیخ نذیر مہدی محمدی نے ڈاکٹروں، رضاکاروں اور خون عطیہ کرنے والوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے ایام میں خدمتِ خلق کا یہ جذبہ حضرت امام حسین علیہ السلام اور اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات کی عملی ترجمانی ہے۔ انہوں نے تمام عطیہ دہندگان کے لیے دعا بھی کی۔
الرضا ہیلتھ کیئر اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن اپنے فعال "AL-REZA BLOOD DONORS" واٹس ایپ گروپ کے ذریعے ہنگامی حالات میں ضرورت مند مریضوں کو خون کی فراہمی اور خون عطیہ کرنے والوں کے لیے مفت ایمبولینس کی سہولت بھی مسلسل فراہم کر رہی ہے۔
محرم الحرام کے مقدس ایام میں عزاداری کے ساتھ ساتھ خدمتِ انسانیت کی یہ مثالی سرگرمیاں کرگل میں سماجی یکجہتی، ایثار اور دینی ذمہ داری کے جذبے کی بھرپور عکاسی کرتی ہیں۔









آپ کا تبصرہ