جمعرات 23 جولائی 2026 - 23:41
نیویارک میں کیتھولک راہبات کا "غیر انسانی قانون" کے خلاف احتجاج: ہم مرنے کی ترغیب نہیں، محبت، دعا اور علاج فراہم کرتے ہیں

حوزہ/ نیویارک میں کیتھولک راہبات نے ایک متنازع قانون کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ قانون مذہبی اداروں کو ایسے مریضوں کو خودکشی میں معاونت سے متعلق معلومات اور مشاورت فراہم کرنے پر مجبور کرتا ہے، جو ان کے مذہبی عقائد اور انسانی اقدار کے منافی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نیویارک میں کیتھولک راہبات نے ایک متنازع قانون کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ قانون مذہبی اداروں کو ایسے مریضوں کو خودکشی میں معاونت سے متعلق معلومات اور مشاورت فراہم کرنے پر مجبور کرتا ہے، جو ان کے مذہبی عقائد اور انسانی اقدار کے منافی ہے۔

راہبات کی جانب سے دائر کردہ شکایت میں کہا گیا ہے کہ نیویارک کا مذکورہ قانون مذہبی اور طبی امدادی اداروں کو اس بات کا پابند بنا سکتا ہے کہ وہ لاعلاج بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو ڈاکٹر کی مدد سے خودکشی کے طریقۂ کار سے آگاہ کریں، انہیں اس عمل کے لیے ذہنی طور پر تیار کریں اور ضروری مراحل مکمل کرنے میں معاونت فراہم کریں۔

درخواست گزاروں نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ مذہبی اداروں اور راہبات کو اس قانون پر عمل درآمد کے لیے مجبور نہ کیا جائے اور اگر کوئی کلیسا یا اس سے وابستہ فرد اس عمل سے انکار کرے تو اسے کسی قسم کی سزا یا قانونی کارروائی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس مقدمے کے درخواست گزاروں میں روزاری ہل چیریٹی ہوم بھی شامل ہے، جو ڈومینیکن سسٹرز آف ہاؤتھورن کے زیر انتظام کام کرتا ہے۔ یہ ادارہ اب تک تقریباً 45 ہزار کم آمدنی والے سرطان کے مریضوں کو ان کے مذہب یا ثقافتی پس منظر سے قطع نظر زندگی کے آخری مرحلے تک مفت طبی اور فلاحی خدمات فراہم کر چکا ہے۔

ڈومینیکن سسٹرز کی سپیریئر جنرل مدر میری ایڈورڈ نے کہا: "گزشتہ 125 برس سے ہم سرطان کے باعث زندگی کے آخری مراحل سے گزرنے والے غریب مریضوں کی خدمت کو حضرت مسیح علیہ السلام کی عطا کردہ ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ ہمارا فرض یہ ہے کہ ہم انہیں سکون، دعا اور محبت بھری طبی نگہداشت فراہم کریں، نہ کہ معاشی پالیسیوں کی بنیاد پر انہیں موت کی طرف مائل کریں۔"

انہوں نے مزید کہا: "ہمیں امید ہے کہ عدالت انصاف پر مبنی فیصلہ دے گی تاکہ ہم اپنے ایمان کے مطابق خدمت جاری رکھ سکیں، کیونکہ ہم اللہ تعالیٰ کے بندوں کے امانت دار ہیں، نہ کہ موت کی ترغیب دینے والے۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha