منگل 28 جولائی 2026 - 18:23
سلام در بارگاہ بی بی سکینہ

حوزہ/شہادتِ بنت الحسین کی مناسبت سے سلام کے اشعار پیش خدمت ہیں۔

سلام گزار: فرخ رضا ترمذی

حوزہ نیوز ایجنسی|

شبیر کے گریے کا ہے عنوان سکینہ
غازی کی وفاؤں کی ہے پہچان سکینہ

بہنوں کے لیے مرکز چاہت ہے سکینہ
بھائیوں کے لیے راحتِ ایمان سکینہ

بابا کے لئے روح کی تسکین کا باعث
مادر کے لئے سکھ کا ہے سامان سکینہ

زینب کے لئے آپ تھیں بھائی کی نشانی
بن آپ کے گھر ہوگیا ویران سکینہ

عباس علمدار سے منسوب علم ہے
مشکیزہ ،علم پر تری پہچان سکینہ

رد ہوتا نہیں، بی بی کبھی آپ کا کہنا
ہوجائیں مری مشکلیں آسان سکینہ

زندان میں لکھی گئی تاریخِ شہادت
تاریخِ شہادت کا ہے عنوان سکینہ

میں روضہِ غازی پہ دعائیں یہی مانگوں
بیٹی ہو مری تیری ثنا خوان سکینہ

حسرت یہ پرانی ہے کہ ہم شام بھی جائیں
ہوں ہم بھی کبھی آپ کے مہمان سکینہ

اک بار زیارت کے لئے ہم کو بلا لو
ہوجائے کبھی ہم پہ یہ احسان سکینہ

کوفے میں اسیری نے یہ ثابت کیا سب پر
کم سن تھی مگر صبر کا طوفان سکینہ

دربارِ ستم دیکھ کے خاموش تھیں لیکن
خاموشی بنی حق کا بھی اعلان سکینہ

لکھ پاؤں مصائب میں ،ترے جس سے وہ بی بی
لاؤں میں کہاں سے وہ قلمدان سکینہ

کیا کیا نہ مصائب تری تقدیر ہوئے ہیں
لکھوں میں ترے نام سے دیوان سکینہ

فرخ کی دعا ہے یہی اے خالقِ اکبر
ہوجائے مرے نوحوں کی پہچان سکینہ

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha