ہفتہ 1 اگست 2026 - 16:07
زیارتِ اربعین ظہورِ امام مہدیؑ کی تمہید اور ایک الٰہی منصوبہ ہے: امام جمعہ بغداد

حوزہ/ بغداد کے امام جمعہ آیت اللہ سید یاسین موسوی نے کہا ہے کہ زیارتِ اربعین ایک عظیم الٰہی منصوبہ ہے جو ظہورِ امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی راہ ہموار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق کے عوام کا امام حسین علیہ السلام سے گہرا تعلق اس بات کا ثبوت ہے کہ انہوں نے ہمیشہ حسینی مشن کو سیاسی، ثقافتی، سماجی، عسکری اور اقتصادی میدانوں میں زندہ رکھا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بغداد کے امام جمعہ آیت اللہ سید یاسین موسوی نے کہا ہے کہ زیارتِ اربعین ایک عظیم الٰہی منصوبہ ہے جو ظہورِ امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی راہ ہموار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق کے عوام کا امام حسین علیہ السلام سے گہرا تعلق اس بات کا ثبوت ہے کہ انہوں نے ہمیشہ حسینی مشن کو سیاسی، ثقافتی، سماجی، عسکری اور اقتصادی میدانوں میں زندہ رکھا ہے۔

نماز جمعہ کے خطبے میں آیت اللہ یاسین موسوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اہلِ عراق کے دلوں میں امام حسین علیہ السلام کی محبت اور شعائرِ حسینی کو راسخ کر دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ عاشورا کے بعد سے آج تک عراق کے عوام نے ہر دور میں حسینی پیغام کی حفاظت اور اسلام کی سربلندی کے لیے قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا وجود رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اور اس کی بقا امام حسین علیہ السلام کے قیام سے وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں مختلف حکمرانوں اور طاغوتی طاقتوں نے عراق سے حسینی شناخت مٹانے کی کوشش کی، لیکن ہر بار وہ خود مٹ گئے جبکہ امام حسینؑ سے وابستگی پہلے سے زیادہ مضبوط ہوتی گئی۔

آیت اللہ موسوی نے زیارتِ اربعین کو کروڑوں انسانوں کا عالمی اجتماع قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے معمولی مذہبی تقریب سمجھنا حقیقت سے ناواقفیت ہے۔ ان کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک سے لاکھوں زائرین عراق کا رخ کرتے ہیں اور یہی عظیم اجتماع عالمی استعمار، امریکہ اور صہیونی حکومت کے لیے باعثِ تشویش ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ اور اسرائیل اربعین کی کامیابی سے خائف ہیں اور اس اجتماع کو ناکام بنانے کے لیے مختلف ذرائع ابلاغ اور پروپیگنڈا مہمات پر بھاری سرمایہ خرچ کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کے ذہنوں میں شکوک پیدا کیے جائیں۔

امام جمعہ بغداد نے کہا کہ عراق میں حالیہ کشیدگی اور جنوبی علاقوں کو جنگ کی طرف دھکیلنے کی کوششوں کا مقصد بھی زیارتِ اربعین کو متاثر کرنا ہے۔ انہوں نے عراقی عوام سے اپیل کی کہ وہ اس عظیم شعائر دینی کی حفاظت کریں اور بیرونی مداخلت کو ناکام بنائیں۔

انہوں نے عراق، ایران اور خلیجی خطے کے عوام سے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بعض علاقائی قوتیں مسلمانوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنا چاہتی ہیں، جن سے ہوشیار رہنا ضروری ہے۔

آیت اللہ سید یاسین موسوی نے عراقی حکام کو بھی خبردار کیا کہ وہ امریکہ کے دباؤ کے سامنے نہ جھکیں اور ملکی مفادات کا تحفظ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عراق کو ایک مضبوط دفاعی قوت کی ضرورت ہے جو ملک کی سرزمین اور فضائی حدود کا مؤثر دفاع کر سکے، جبکہ الحشد الشعبی اور مزاحمتی قوتوں کو غیر مسلح کرنے کی امریکی کوششوں کے بارے میں بھی متنبہ کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha