حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم مبارک میں منعقدہ اربعین کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین حبیب اللہ فرحزاد نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی محبت تمام الٰہی خیر و برکت کا سرچشمہ ہے اور یہ اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمتوں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی روایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب اللہ تعالیٰ کسی بندے کے لیے بھلائی کا ارادہ کرتا ہے تو اس کے دل میں امام حسینؑ کی محبت اور زیارت کی توفیق عطا فرماتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو افراد کسی مجبوری کے باعث کربلا معلیٰ میں اربعین کے اجتماع میں شریک نہیں ہو سکے، اگر وہ خلوصِ نیت کے ساتھ دور سے زیارتِ اربعین پڑھیں اور ان کے دل امام حسینؑ کی محبت سے سرشار ہوں تو وہ بھی اس عظیم عبادت اور زیارت کے ثواب میں شریک ہوں گے۔
حجۃ الاسلام فرحزاد نے حدیث "من أحب قوماً حشر معهم" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اہل بیت علیہم السلام سے حقیقی محبت صرف قلبی جذبہ نہیں بلکہ ان کے راستے پر چلنے کا نام ہے، اور جو شخص اولیائے الٰہی سے محبت کرتا ہے، قیامت کے دن انہی کے ساتھ محشور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اربعین کی عظیم پا پیادہ زیارت، نہضتِ حسینی کی عظمت اور امام حسین علیہ السلام کی کرامت کا زندہ مظہر ہے۔ دنیا بھر سے لاکھوں زائرین کی شرکت اور عراقی عوام کی بے لوث خدمت، ثقافتِ عاشورا کی پائیداری اور اللہ تعالیٰ کے اس وعدے کی عملی تصویر ہے کہ وہ اس تحریک کو ہمیشہ زندہ رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل بیت علیہم السلام کی محبت ایک ایسی حقیقت ہے جو پوری کائنات کو اپنے دامن میں لیے ہوئے ہے، اور انسان جتنا زیادہ اس محبت میں آگے بڑھتا ہے اتنا ہی زیادہ روحانی برکتوں سے فیض یاب ہوتا ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے شامِ اربعین کو واقعۂ عاشورا کے بعد اہل بیت علیہم السلام پر ڈھائے گئے مصائب کی یاد تازہ کرنے کا دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسیرانِ کربلا کی واپسی نے عاشورا کے غم کو دوبارہ زندہ کیا۔ اربعین، امام حسین علیہ السلام سے تجدیدِ عہد، قیامِ عاشورا کی معرفت میں اضافہ اور پیغامِ حسینی کو آگے بڑھانے کا بہترین موقع ہے۔









آپ کا تبصرہ