۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
آیت الله وحید خراسانی

حوزہ / حضرت آیت اللہ العظمی وحید خراسانی نے کہا: حضرت سید الشہداء علیہ السلام کے سیاہ پوش عزادار اور ماتمی یومِ حشر میں مقربانِ خدا کی پہلی صف میں ہوں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، حضرت آیت اللہ وحید خراسانی نے محرم الحرام 1446ھ کے موقع پر بعض مذہبی انجمنوں کے خادمین سے ملاقات میں کہا: شعائرِ حسینی (ع) کی تعظیم اوجبِ واجبات میں سے ہے اور جو کوئی بھی کسی بھی طرح سے اس راہ میں خدمت کرے تو اس کا اجر بے حساب ہے اور اس کا نام حضرت صدیقہ کبری علیہا السلام کے پاس درج ہو گا۔

انہوں نے کہا: حضرت سید الشہداء علیہ السلام کی عزاداری کا احیاء بہترین مقربات میں سے ایک ہے۔ امام حسین علیہ السلام کے سیاہ پوش عزادار اور ماتمی یومِ حشر میں مقربانِ خدا کی پہلی صف میں ہوں گے۔

اس شیعہ مرجع تقلید نے ریان ابن شبیب سے منقول حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی روایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: امام علیہ السلام فرماتے ہیں: "لقد بکت السماوات السبع و الارضون" یعنی ساتوں آسمان اور زمین نے سیدالشہداء علیہ السلام پر گریہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: حضرت سید الشہداء علیہ السلام کے لیے ماتم اور گریہ و زاری "اکسیرِ اعظم" ہے یعنی ہر درد کی دوا ہے۔

حضرت آیت اللہ العظمی وحید خراسانی نے ماتمی سنگتوں اور مذہبی انجمنوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا: اپنی عزاداری و عبادات کو "زیارتِ آلِ یسین" سے شروع کریں۔ عاشورا سے اربعین تک ہر شب "زیارتِ عاشورا" کی تلاوت کریں اور تعجیل فرج کی دعا کریں۔ ان شاءاللہ یہ چیزیں امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل کے لئے انتہائی مؤثر ہیں۔

انہوں نے کہا:تمام مقامات (شہروں اور دیہاتوں) میں محرم الحرام کے ایام خاص طور پر تاسوعا اور عاشورہ کے دوران ماتمی جلوسوں کی تشکیل ہونی چاہئے۔ قم المقدس میں عزاداری کے جلوسوں کو حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم میں اختتام پزیر ہونا چاہیے اور بی بی سلام اللہ علیہا کو ان کے جد کا پرسہ دینا چاہیے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .