حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان گلگت بلتستان ریجن كى جانب سے روزِ اربعين حسينى چوک سکردو پر احتجاجى اجتماع كا انعقاد كيا گیا۔

احتجاجى اجتماع سے سابق مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان، چیف آرگنائزر مجلس وحدت المسلمین پاکستان برادر ناصر شیرازی، ریجنل صدر آئی ایس او پاکستان گلگت بلتستان ریجن برادر جہانزیب حسین، ممبر گلگت بلتستان کونسل علامہ شیخ احمد علی نوری نے خصوصى خطاب کیا۔
جلسے میں عزاداران سيد شہداء کی كثير تعداد نے شركت كى۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اربعینِ حسینی صرف ایک یادگار دن نہیں، بلکہ تجدیدِ عہد کا نام ہے۔ یہ وہ عظیم موقع ہے جب کروڑوں عاشقانِ امام حسینؑ کربلا کے شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ حق، عدل، آزادی، صبر اور انسانیت کی حفاظت کے لیے ہمیشہ امام حسینؑ کے راستے پر ثابت قدم رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام حسینؑ نے اپنی اور اپنے باوفا اصحاب کی جانیں اس لیے قربان کیں کہ انسان ظلم، جہالت اور باطل کی غلامی سے نجات پا کر خدا کی بندگی اور حق کی راہ اختیار کرے۔ اربعین ہمیں یہی درس دیتا ہے کہ ایمان صرف عقیدہ نہیں بلکہ کردار، ایثار، خدمتِ خلق اور مظلوم کی حمایت کا نام ہے۔

حسینی چوک سکردو بلتستان پر ہزاروں عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے سابق مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان، چیف آرگنائزر مجلس وحدت المسلمین پاکستان محترم ناصر شیرازی نے کہا کہ ایران کا نہ امریکہ سے کوئی جغرافیائی تنازعہ ہے اور نہ ہی اسرائیل سے، بلکہ یہ نظریاتی جنگ ہے، حق و باطل کی جنگ ہے۔ انشاء اللہ اس جنگ میں حق ہی فاتح قرار پائے گا۔ کربلا کا درس ہی یہی ہے کہ خوف بس خدا کا ہے۔
مقررین نے کہا کہ آئیے، اربعینِ حسینی کے موقع پر عہد کریں کہ ہم اپنی زندگیوں میں سچائی، انصاف، اخلاص، صبر اور تقویٰ کو فروغ دیں گے، امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن اور بھائی چارے کے لیے دعا کریں اور امام حسینؑ کے آفاقی پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں گے۔

آخر میں شہید رہبر انقلاب اور دیگر شہدائے مقاومت کے درجات کی بلندی، امریکہ و اسرائیل کی نابودی، عالم اسلام کی فتح و کامرانی اور مملکت خدا داد پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔









آپ کا تبصرہ