حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ آف تعلیماتِ قرآن و اہلِ بیتؑ، محرابپور سندھ پاکستان کی جانب سے فری ٹیوشن سینٹر محرابپور میں طلباء و طالبات کے درمیان سالانہ یومِ امام حسینؑ سیمینار منعقد کیا گیا؛ سیمینار میں طلبہ وطالبات سمیت اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت مولانا نجم الحسن کراروی صاحب نے حاصل کی۔ بعد ازاں امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ سندھ کے مرکزی صدر محترم ایاز علی خاکی نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔
سالانہ یومِ حسین سیمینار میں طلباء و طالبات نے امام حسینؑ کی سیرت و کردار، فلسفۂ کربلا اور قربانی کے موضوعات پر تقاریر پیش کیں، جبکہ حمد، نوحہ اور سلام بھی پیش کیے گئے۔


محترم سہیل احمد مطہری صاحب، سیکریٹری مجلسِ نظارت نے اپنے خطاب میں کہا کہ امام حسینؑ صرف ایک مکتبِ فکر کے نہیں، بلکہ تمام حریت پسند، باشعور اور حق پرست انسانوں کے رہبر ہیں۔ امام حسینؑ نے ہمیں شعور، وفا، حق پرستی اور ظالم کے سامنے نہ جھکنے کا درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ نے دینِ اسلام کی حفاظت اور یزیدی ظلم و انحراف کے خلاف قیام کیا۔ آج بھی دینِ اسلام کا نام حسینؑ کے نام سے زندہ ہے اور ہر باضمیر انسان تک کربلا اور امام حسینؑ کا پیغام پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ کے فری ٹیوشن سینٹر میں سالانہ یومِ حسینؑ منانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ طلباء و طالبات، اساتذہ، علماء اور بزرگ امام حسینؑ کی عظیم قربانی سے عہدِ وفا کریں اور کربلا کے پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔
محترم استاد حیدر بخش شیخ صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام حسینؑ کی ذات اور پیغام کسی ایک قوم یا مکتب تک محدود نہیں۔ آج اس پروگرام میں مختلف طبقات اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کا جمع ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ حسینؑ نے انسانیت کو متحد کیا اور شعور عطا کیا۔

مولانا سید سفیر علی نقوی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام حسینؑ کا درس آج بھی ہر باشعور انسان کو بیدار کر رہا ہے۔ سید الشہداء امام حسینؑ کا علم ہر مکتبِ فکر کے لیے ہدایت کا چراغ اور نجات کی کشتی ہے۔
انہوں نے امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ آف تعلیماتِ قرآن و اہلِ بیتؑ، فری ٹیوشن سینٹر کی انتظامیہ، مرکزی عہدیداران، جوانان، اساتذہ اور طلباء و طالبات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس با مقصد یومِ حسینؑ کے انعقاد کے ذریعے آپ نے ایک خوبصورت پیغام دیا ہے کہ حسینؑ سب کے ہیں اور حسینؑ کا پیغام پوری انسانیت کے لیے ہے۔

پروگرام میں امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ فری ٹیوشن سینٹر کے معزز اساتذہ، رکنِ مجلسِ نظارت استاد عشرت حسین سہتو صاحب، رکنِ مجلسِ نظارت عاشق حسین سہتو صاحب، مرکزی جنرل سیکریٹری مھتاب علی شیخ صاحب اور فری ٹیوشن سینٹر کے انچارج سمیت دیگر معزز شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔
پروگرام کے اختتام پر مولانا زین رضا جعفری نے امام زمانہؑ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی بارگاہ میں دعائے خیر کروائی۔









آپ کا تبصرہ