جمعہ 7 اگست 2026 - 02:15
تمام مکاتبِ فکر کا اتحاد و وحدت ہی پاکستان کی مضبوطی اور استحکام کی ضمانت ہے

حوزہ / ملک پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تمام مکاتبِ فکر نے نمایاں کردار ادا کیا ہے، ہر مشکل گھڑی میں تحفظ پاکستان کا پیغام معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے، تفرقہ بازی، شدت پسندی اور تکفیریت نے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی اور امن کمیٹی ضلع راولپنڈی کے چیئرمین حافظ اقبال رضوی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا: اتحاد، وحدت، اخوت اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنا تمام مکاتبِ فکر کے علماء کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا: بین المذاہب ہم آہنگی اور مسلکی رواداری کا پیغام ہی ملک کی مضبوطی اور استحکام کی ضمانت ہے۔ ’’کسی کے عقیدے کو چھیڑو نہیں، اپنے عقیدے کو چھوڑو نہیں‘‘ کے اصول کو عام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں باہمی احترام، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکے۔

دونوں رہنماؤں نے ملکی ترقی، سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کرتے ہوئے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں سیکورٹی فورسز اور پاک آرمی کے جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کی۔

علامہ اشفاق وحیدی اور حافظ اقبال رضوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے پیش نظر تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہو کر پاکستان کی سربلندی، ترقی، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha