منگل 11 اگست 2026 - 23:12
سیاستِ علوی جمہوریت کی بہترین تصویر ہے، تمام سیاسی جماعتیں اسے اپنی پالیسیوں کا حصہ بنائیں

حوزہ / علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: سیاستِ علوی جمہوریت کی بہترین تصویر ہے، ہر وہ سیاست جو دین کے تابع ہو اور دین کی خدمت کا جذبہ پیدا کرے، اللہ کی عبادت شمار ہوتی ہے لہٰذا تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ سیاستِ علوی کو اپنی اپنی پالیسیوں کا حصہ بنائیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما اور چیئرمین اوسپاک انٹرفیتھ بورڈ علامہ اشفاق وحیدی نے اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا: آج کا نوجوان اعلیٰ تعلیمی ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود روزگار کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہا ہے جبکہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ ملک کو درپیش ان مسائل کی بڑی وجہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیاں ہیں۔

انہوں نے کہا: سیاست دان ایک دوسرے سے ذاتی انتقام لینے میں مصروف ہیں جس کے نتیجے میں ملک میں شدید بحران پیدا ہو رہا ہے جبکہ مہنگائی روز بروز بڑھتی جا رہی ہے اور اس پر قابو پانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: آج ملک کو ایسے حکمرانوں کی ضرورت ہے جو جمہوریت اور سیاست کی حقیقی روح کو سمجھتے ہوئے عوامی مسائل حل کرنے اور ملک کو ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

انہوں نے موجودہ بین الاقوامی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: دنیا کے جن جن خطوں میں بدامنی اور جنگ مسلط کی جا رہی ہے، عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ قیامِ امن کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں اور جنگ و بدامنی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔

علامہ اشفاق وحیدی نے 14 اگست، یومِ آزادی پاکستان کی آمد پر تمام محب وطن پاکستانیوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا: یومِ آزادی اس عزم کے ساتھ منایا جائے کہ پاکستان حقیقی آزادی حاصل کرتے ہوئے ہر قسم کی غلامی سے نجات حاصل کرے اور مستقل بنیادوں پر اپنے فیصلے خود کرنے کے قابل ہو۔

انہوں نے کہا: پاکستان کی خودمختاری، استحکام اور ترقی کے لیے ضروری ہے کہ قومی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے ایسے فیصلے کیے جائیں جو ملک کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کا باعث بنیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha