حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے 30 صفر المظفر کو گرجا روڈ راولپنڈی میں عزاداری کے جلوس میں وفد کے ہمراہ خصوصی شرکت کی۔ وفد میں سید قاسم نقوی، سید احسن نقوی، سید عمران، سید نزاکت شاہ اور سید حسنین رضا شامل تھے۔
اس موقع پر پولیس انتظامیہ کے افسران، بانیانِ مجالس، ماتمی سالاروں اور مومنین نے علامہ اشفاق وحیدی سے ملاقات کی اور عزاداری سید الشہداء علیہ السلام کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور مسائل سے آگاہ کیا۔

علامہ اشفاق وحیدی نے مومنین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر عزاداری سید الشہداء علیہ السلام میں حائل رکاوٹوں اور مشکلات کے حل کے لیے تمام تنظیمی رہنما حکومتی سطح پر مؤثر انداز میں کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ محرم الحرام سے اب تک بانیانِ مجالس، متولیان، ماتمی سالاروں اور مومنین کے خلاف درج کیے گئے تمام جھوٹے مقدمات فوری طور پر ختم کیے جائیں۔

رہنما شیعہ علماء کونسل پاکستان نے مزید کہا: اتحاد، وحدت، اخوت، صبر، تحمل اور برداشت ملتِ تشیع کی پہچان ہیں۔ امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام اور کربلا کا پیغام بھی یہی ہے، جسے دورِ حاضر میں معاشرے میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔











آپ کا تبصرہ