بدھ 29 جولائی 2026 - 00:30
مجالسِ عزا اور روایتی جلوسوں میں رکاوٹیں ناقابل قبول / حکومت انتظامیہ کی زیادتیوں کا نوٹس لے

حوزہ / علامہ اشفاق وحیدی نے عزاداروں، بانیانِ مجالس اور ماتمی سالاروں کو انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ہراساں کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مجالسِ عزا اور روایتی جلوسوں میں رکاوٹیں ڈالنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور عزاداری کے آئینی و مذہبی حقوق کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے صدر راولپنڈی کے مرکزی جلوسِ عزا میں شرکت کے موقع پر عزاداروں، بانیانِ مجالس اور ماتمی سالاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عزاداروں کو انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تنگ کرنا قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا: مجالسِ عزا اور روایتی جلوسوں کو روکنا قانون کی خلاف ورزی ہے اور عزاداریِ امام حسین علیہ السلام میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

علامہ اشفاق وحیدی نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا: ایسے انتظامی افسران، جو شدت پسندانہ طرزِ عمل اختیار کرتے ہوئے چار دیواری کے اندر منعقد ہونے والی مجالسِ عزا اور روایتی جلوسوں میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں یا بانیانِ مجالس اور ماتمی سالاروں کو ہراساں کر رہے ہیں، انہیں فوری طور پر ان ذمہ داریوں سے ہٹایا جائے اور اس طرزِ عمل کا خاتمہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا: فرقہ واریت اور شدت پسندی جیسی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے، کیونکہ ایسے عناصر ہی معاشرے کے امن و امان کے لیے حقیقی خطرہ ہیں۔

علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: ملتِ تشیع ہمیشہ امن، رواداری اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہی ہے لیکن افسوس کے ساتھ ہمارے خلاف بے بنیاد اور چھوٹے مقدمات قائم کیے جا رہے ہیں۔ حکومت فوری طور پر ایسے مقدمات کو ختم کرے۔

انہوں نے کہا: تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اپنے اپنے انسپکٹر جنرلز پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے صورت حال کی رپورٹ طلب کریں اور واضح ہدایات جاری کریں کہ چار دیواری کے اندر منعقد ہونے والی مجالسِ عزا، روایتی جلوسوں، بانیانِ مجالس اور متولیان کو بلاجواز تنگ نہ کیا جائے، تاکہ چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے اجتماعات پرامن ماحول میں منعقد ہوں اور امن و امان کی فضا برقرار رہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha