حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو بلتستان پاکستان میں نمازِ جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کہا کہ معاشرے کی ایک بڑی کمزوری دینی مسائل، معارفِ اہل بیت علیہم السلام اور قرآنی حقائق کے بارے میں سوال نہ کرنا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ علم حاصل کرنے، تحقیق کی عادت اپنانے اور علماء سے استفادہ کرنے کے لیے سوال کرنا نہایت ضروری ہے کیونکہ امام جعفر صادق علیہ السلام کے فرمان کے مطابق ''علم کی کنجیاں سوال ہیں'' اور سوال کرنے، جواب دینے، سننے اور اہلِ علم سے محبت رکھنے والے سب اجر و ثواب کے مستحق ہیں۔
انہوں نے ائمۂ اہل بیتؑ اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشادات کی روشنی میں کہا کہ ہر صاحبِ شعور پر علم حاصل کرنا، اس کی حفاظت کرنا، اس پر عمل کرنا اور اسے دوسروں تک پہنچانا لازم ہے۔
علامہ شیخ حسن جعفری نے مؤمنین کو نصیحت کی کہ اپنی مجالس اور نشستوں کو بے مقصد گفتگو کے بجائے علمی و روحانی ماحول میں تبدیل کریں، شرعی و دینی مسائل میں جھجک کے بجائے سوال کرنے کی عادت اپنائیں، کیونکہ نہ جاننا عیب نہیں بلکہ جاننے کا موقع ہونے کے باوجود سوال نہ کرنا حقیقی محرومی ہے۔
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کربلا میں مشی کے دوران زائرین پر ہونے والے امریکی و سعودی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف بزدلانہ اقدام قرار دیا اور کہا کہ ایسے مظالم ناقابلِ قبول ہیں۔
انہوں نے عالمی سامراجی طاقتوں کی طرف سے اسلامی جمہوریہ ایران پر جاری جارحیت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریہ اسلامی ایران اپنی دفاعی صلاحیت اور استقامت کے ذریعے جارحیت کا مؤثر جواب دے رہا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جبهۂ حق کو مزید قوت، نصرت اور کامیابی عطا فرمائے۔
امام جمعہ سکردو نے سکردو کے علاقے 411 میں زیرِ تعمیر 250 بیڈ پر مشتمل ہسپتال کے تعمیراتی کام بند ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان سے مطالبہ کیا کہ منصوبے پر فوری طور پر دوبارہ کام شروع کیا جائے، کیونکہ بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث ریجنل ہسپتال سکردو پر شدید دباؤ ہے اور عوام کو جدید طبی سہولیات کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے بلتستان ریجن میں سیلاب کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مختلف اضلاع میں سیلاب نے تباہی مچادی ہے؛ لہٰذا مومنین ایک دوسرے کی مدد کو اولین ترجیح سمجھیں۔









آپ کا تبصرہ