حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے ایک وفد کے ہمراہ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک سیداں میں چہلمِ حضرت امام حسین علیہ السلام کے جلوسِ عزا میں خصوصی شرکت کی۔ وفد میں سید اذکار شاہ، ڈاکٹر حسنین رضا اور دیگر شخصیات بھی شامل تھیں۔
علامہ اشفاق وحیدی نے اس موقع پر ماتمی سالاروں، بانیانِ مجالس اور مومنین سے ملاقاتیں کیں اور عزاداریِ سید الشہداء علیہ السلام سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ ماتمی سالاروں اور بانیانِ مجالس نے عزاداریِ امام حسین علیہ السلام، مجالسِ عزا اور جلوسوں کے انعقاد کے دوران درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔
علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: وفاقی اور صوبائی حکومتیں عزاداریِ سید الشہداء علیہ السلام اور مجالسِ عزا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا: انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بانیانِ مجالس، عزاداروں اور ماتمی سالاروں کو بلاجواز ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ بالخصوص صوبہ پنجاب میں چار دیواری کے اندر منعقد ہونے والی مجالسِ عزا کو روکنا اور روایتی جلوسوں میں رکاوٹ ڈالنا غیر قانونی اقدام ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام صوبائی حکومتیں چہلمِ امام حسین علیہ السلام سے قبل عزاداروں، ماتمیوں اور بانیانِ مجالس کے خلاف قائم کیے گئے بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات فوری طور پر خارج کریں تاکہ عزاداری کا پرامن اور روایتی سلسلہ بلا رکاوٹ جاری رہ سکے۔









آپ کا تبصرہ