ہفتہ 15 اگست 2026 - 07:30
علامہ مقصود ڈومکی: اسلامی جمہوریہ پاکستان، ہماری قومی شناخت ہے

حوزہ/ایم ڈبلیو ایم کے رہنما نے یومِ آزادیِ پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے جمہوری اور عوامی جدوجہد کے ذریعے ایک عظیم عوامی رہنماء قائداعظمؒ کی قیادت میں ایک آزاد وطن حاصل کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سٹی آف نالج پبلک اسکول جیکب آباد بلوچستان کے زیرِ اہتمام یوم آزادیٔ پاکستان کے سلسلے میں طلبہ و طالبات کے درمیان تقریری مقابلہ ہوا۔ اس موقع پر تقریب تقسیمِ انعامات بھی منعقد ہوئی۔

تقریب میں اسکول کے طلبہ و طالبات نے ملی نغمے پیش کرکے وطن عزیز پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ اور مصور پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کی عظیم جدوجہد کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں برطانوی سامراج سے آزادی کے لئے انتھک جدوجہد کی۔ برصغیر کے مسلمانوں نے جمہوری اور عوامی جدوجہد کے ذریعے ایک عظیم عوامی رہنماء قائداعظمؒ کی قیادت میں ایک آزاد وطن حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ہماری قومی شناخت ہے، جبکہ اسلام اور جمہوریت پاکستان کے بنیادی ستون ہیں۔ پاکستان ہمارے بزرگوں کی عظیم جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کا ثمر ہے، اس لئے ملک کی تعمیر، ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لئے ہمیں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آج پاکستان کو آئین شکنی، لاقانونیت، کرپشن، دہشت گردی، جہالت اور غربت جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ ان مسائل کے خاتمے کے لئے تعلیم یافتہ، باشعور اور باکردار نسل کی ضرورت ہے۔ ہماری نوجوان نسل کو اپنی تمام تر توجہ تعلیم، تحقیق، اخلاقی تربیت اور دینی اقدار پر مرکوز کرنی چاہئے تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ، باکردار اور ذمہ دار شہری بن کر وطن عزیز پاکستان کی خدمت کرسکیں۔

انہوں نے طلبہ و طالبات کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، ہمیں اس نعمت کی قدر کرتے ہوئے وطن سے وفاداری، قومی یکجہتی، قانون کی پاسداری اور خدمت خلق کو اپنی زندگی کا مقصد بنانا چاہئے۔

تقریب کے اختتام پر تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کئے گئے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو انعامات اور شیلڈز پیش کیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریب میں اساتذہ، طلبہ و طالبات اور والدین نے بھرپور شرکت کی اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha