حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے، اس کی حفاظت، سلامتی اور ترقی ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا: یومِ آزادی تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ ہمیں اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں کو اپناتے ہوئے آئین و قانون کی بالادستی، قومی یکجہتی، باہمی احترام، مذہبی ہم آہنگی اور مساوی حقوق کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا: پاکستان کا مستقبل مضبوط قومی اتحاد، تعلیم یافتہ نوجوانوں، انصاف، میرٹ اور اجتماعی جدوجہد سے وابستہ ہے۔ ہمیں ذاتی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر پاکستان کے قومی مفاد کو مقدم رکھنا ہوگا۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے اور اسے ہر داخلی و خارجی خطرے سے محفوظ رکھے۔ آمین









آپ کا تبصرہ