حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کراچی/ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی نائب صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان علامہ شبیر میثمی نے کراچی میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا محمد عبدالخبیر آزاد سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں مذہبی رہنماؤں نے ملک کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں بڑھتی ہوئی فرقہ واریت اور انتہاء پسندی کے خلاف متحدہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
علامہ شبیر میثمی نے اس موقع پر کہا کہ ہم تمام فرقوں اور مسالک کے مسلمانوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے اور ملک کی سلامتی و ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ ہمیں اپنی مشترکہ اسلامی اقدار کو یاد رکھتے ہوئے اختلافات کو بھلا کر ایک دوسرے کے قریب آنا ہوگا۔
ملاقات کے دوران دونوں علماء کرام نے مسلمانوں میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دینی مدارس میں اعتدال پسندی کی ترویج، نوجوان نسل کو صحیح اسلامی تعلیمات سے آگاہ کرنے اور عوام میں امن و بھائی چارے کا پیغام پھیلانے پر اتفاق کیا۔