حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی نیابت میں ملتان میں ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے زیرِ اہتمام منعقدہ عظیم الشان ’’تحفظ ختم نبوت کانفرنس‘‘ میں خصوصی شرکت کی۔
کانفرنس میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور دیگر مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام نے علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کا خیرمقدم کیا۔ کانفرنس میں مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام کی شرکت کو اتحادِ امت اور بین المسالک ہم آہنگی کے اظہار کے طور پر دیکھا گیا۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ہمارے ہاں ختم نبوت کا مسئلہ حل شدہ ہے۔ قائد محترم علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی اپنے خطابات میں اس حقیقت کو واضح کیا ہے کہ "نبوت ختم اور امامت شروع ہو چکی ہے، جبکہ اعلانِ غدیر اس حقیقت کی محکم اور واضح دلیل ہے"۔
انہوں نے مزید کہا: رہبرِ امت شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت نے امت مسلمہ کو اس انداز سے متحد کیا ہے کہ آج ہر شخص ان کی یاد اور غم میں شریک اور مظلوموں کی حمایت میں پہلے سے زیادہ پُرعزم دکھائی دیتا ہے۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے پاکستان میں اتحاد و یکجہتی کی فضا برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ہم پاکستان میں اتحاد کی فضا کو اپنے ہاتھ سے جانے نہیں دیں گے اور کسی کو بھی اسے نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ یہ ملک ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے لہٰذا اس کی سلامتی، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے تمام مکاتبِ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کانفرنس کے کامیاب اور شاندار انعقاد پر منتظمین، بالخصوص جمعیت علمائے پاکستان جنوبی پنجاب کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اتحادِ امت کے فروغ کے لیے ایسے اجتماعات کو اہم قرار دیا۔










آپ کا تبصرہ