حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ڈاکٹروں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا: طبابت سے تعلق رکھنے والے افراد اور طبی عملہ علم، مہارت اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کا گراں قدر سرمایہ ہیں، جو اللہ تعالیٰ کی سب سے قیمتی نعمت، یعنی انسانی زندگی اور صحت کی حفاظت کی اپنی ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔
مکمل پیغام حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
«وَمَنْ أَحْیَاهَا فَکَأَنَّمَا أَحْیَا النَّاسَ جَمِیعًا»
اور جس نے ایک انسان کی جان بچائی، گویا اس نے تمام انسانوں کی جان بچائی۔
(سورۂ مائدہ، آیت 32)
طبابت سے تعلق رکھنے والے افراد اور طبی عملہ علم، مہارت اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کا گراں قدر سرمایہ ہیں، جو اللہ تعالیٰ کی سب سے قیمتی نعمت، یعنی انسانی زندگی اور صحت کی حفاظت کی اپنی ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔
توحیدی فکر میں طب محض بیماریوں کی تشخیص اور علاج کے لیے علوم و فنون کا مجموعہ نہیں، بلکہ ایک انسانی علم اور اخلاقی ذمہ داری ہے، جس میں تحقیق اور تجربہ، انسانی کرامت، مصیبت زدہ افراد کے دکھ پر ہمدردی اور انسانی جان کے حوالے سے امانت داری سے جڑ جاتا ہے۔ ڈاکٹر جدید سائنسی کامیابیوں اور جدید ٹیکنالوجیز سے استفادہ کرنے کے ساتھ ساتھ ہمیشہ انسانی حرمت، مریض کی امید اور معاشرے کے اعتماد کی حفاظت کرے۔
امام علی علیہ السلام فرماتے ہیں: «العِلمُ سُلطانٌ؛ مَن وَجَدَهُ صالَ بِهِ، ومَن لَم یَجِدْهُ صیلَ عَلَیهِ»؛ علم اقتدار ہے؛ جو اسے حاصل کر لے، وہ اس کے ذریعے طاقتور ہو جاتا ہے، اور جو اس سے محروم رہ جائے، اس پر دوسروں کا غلبہ ہو جاتا ہے۔ لہٰذا ملک میں طب کے فروغ کے لیے علم کی پیداوار کا تسلسل، بنیادی تحقیقات کی توسیع، تعلیم کا فروغ، جدید ٹیکنالوجیز سے دانش مندانہ استفادہ اور صحت کے شعبے میں اخلاق و انصاف کا بیک وقت تحفظ ضروری ہے۔
یومِ طبیب ان ڈاکٹروں کی علمی کوششوں اور مخلصانہ جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے، جو اسپتالوں، طبی مراکز، یونیورسٹیوں اور تحقیق و تعلیم کے میدانوں میں ذمہ داری اور قربانی کے جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ اس راہ میں شہید ہونے والوں کو یاد کرتے ہوئے اور شعبۂ علاج و معالجہ کے تمام خدمت گزاروں کو خراجِ احترام پیش کرتے ہوئے، میں اس دن کے موقع پر طبی برادری، اساتذہ، محققین، میڈیکل ریزیڈنٹس اور طلبہ، بالخصوص صوبۂ قم کے مخلص اور انتھک ڈاکٹروں اور قم یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
میں بارگاہِ خداوند متعال سے تمام ڈاکٹروں اور شعبۂ صحت سے وابستہ افراد کے لیے علم و خدمت کی راہ میں روز افزوں توفیق، عزت و سربلندی، صحت و عافیت، اور تمام مریضوں اور رنج و تکلیف میں مبتلا افراد کے لیے فوری اور شفائے کاملہ کی دعا کرتا ہوں۔
علی رضا اعرافی
سربراہ حوزہ علمیہ ایران









آپ کا تبصرہ