حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین محمد مہدی ماندگاری نے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں حضرت معصومہؑ کے قم آمد کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ولی خدا کے حقیقی مددگاروں کی پانچ خصوصیات بیان کیں۔
انہوں نے کہا کہ مؤمن کی خواہش ہونی چاہیے کہ وہ ہر دور میں خدا کے نیک بندوں اور ولی خدا کی مدد کرنے والوں میں شامل ہو۔ اس کے لیے انسان کو آج بھی اپنے کردار اور عمل کے ذریعے اس امتحان میں کامیاب ہونا ہوگا۔
انہوں نے قرآن کریم کی آیات کی روشنی میں پہلی خصوصیت حق و انصاف کے دفاع اور ظلم و کفر کے مقابلے میں ثابت قدمی، جبکہ دوسری خصوصیت مؤمنوں اور مظلوموں کے ساتھ رحم و ہمدردی کو قرار دیا۔ ان کے مطابق مظلوم کی حمایت کسی خاص ملک یا علاقے تک محدود نہیں، بلکہ دنیا میں جہاں بھی ظلم ہو، مؤمن کو اس کے خلاف ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے۔
حجۃ الاسلام ماندگاری نے تیسری خصوصیت خدا، دین اور ولی خدا سے محبت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ مؤمن کو دین اور حق کی حمایت کو ذاتی مفادات اور وابستگیوں پر ترجیح دینی چاہیے۔
انہوں نے چوتھی خصوصیت مؤمنوں کے ساتھ عاجزی و خدمت اور دشمن کے مقابلے میں استقامت، جبکہ پانچویں خصوصیت خدا کی راہ میں مجاہدت کو قرار دیا۔ ان کے مطابق مجاہدت صرف میدان جنگ تک محدود نہیں؛ ہر شخص اپنے مقام پر دین، معاشرے اور نئی نسل کی بہتری کے لیے جدوجہد کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ولی خدا کے حقیقی مددگار حق کی راہ میں لوگوں کی سرزنش، دباؤ اور دھمکیوں سے خوفزدہ ہوکر پیچھے نہیں ہٹتے۔ حضرت معصومہؑ کی ہجرت آج بھی اسی استقامت اور نصرتِ ولی خدا کا روشن نمونہ ہے۔









آپ کا تبصرہ