حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: خاتم النبیین کمپلیکس اور اس سے منسلک تمدن ٹی وی کا بنیادی مقصد علم و ثقافت کا فروغ، دینی اقدار کی ترویج، مذاہب کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا اور عوام کو اتحاد کی لڑی میں پرونا ہے۔ یہ ادارے اپنے اسی مقصد کے تحت علمی و ثقافتی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا: موجودہ صورتحال میں افہام و تفہیم کے ذریعے مسئلے کا حل نکالا جا سکتا ہے جبکہ سوءِ تدبیر سے معاملہ مزید پیچیدہ اور گھمبیر ہو سکتا ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے اقوام متحدہ سمیت عالمی تعلیمی اور انسانی حقوق کے اداروں کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا: 9 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جانب سے ’’تعلیم کو حملوں سے بچاؤ‘‘ کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے، جس کا مقصد افراد، کمیونٹیز اور معاشروں میں تعلیم اور خواندگی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا: ایسے مواقع پر محض ایام منانے کے بجائے علمی و ثقافتی مراکز کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات بھی کیے جانے چاہئیں۔ عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ ایسے مراکز کے تحفظ اور ان سے وابستہ اساتذہ، علمی شخصیات اور کارکنوں کے حقوق کے دفاع کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے خاتم النبیین کمپلیکس کے تمام ذمہ داران، اساتذہ، علمی شخصیات اور متاثرہ افراد کے ساتھ گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔









آپ کا تبصرہ