حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ علمائے امامیہ پاکستان کے زیرِ اہتمام مبلغین امامیہ کے لیے علمی و تبلیغی ورکشاپس کا سلسلہ جاری ہے اور اس سہ ماہہ کے چوتھے ورکشاپ کا انعقاد امام بارگاہ قصر شبیر مدینہ سیداں گجرات پنجاب میں ہوا۔

اس تربیتی و علمی موضوع پر منعقدہ ورکشاپ میں سیرۃ الصادقین بطورِ نمونۂ عملی برائے مبلغین، تجوید، فقہ عملی (خمس) اور حالات حاضرہ شامل تھے۔
اس سہ ماہہ کے چوتھے ورکشاپ میں گجرات، گجرانوالہ، وزیر آباد، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے آئمہ جمعہ والجماعت اور مبلغین امامیہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ورکشاپ میں حجت الاسلام ملک نصیر حسین، حجت الاسلام ڈاکٹر سید جاوید شیرازی، حجت الاسلام ڈاکٹر محمد علی شریفی اور ڈاکٹر حسن عباس نے منتخب کردہ موضوعات پر شرکاء سے خطاب کیا؛ جبکہ نظامت کے فرائض مدیر اجرائی امور مجلسِ علمائے امامیہ پاکستان حجت الاسلام چوہدری ضیغم عباس نے انجام دیے۔

واضح رہے مجلسِ علمائے امامیہ پاکستان بین الاقوامی ادارہ الباقر کا شعبہ تبلیغات ہے جو حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی سربراہی میں عرصہ دراز سے مبلغین امامیہ کی علمی و تبلیغی استعداد افزائی کے لیے معاشرے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔









آپ کا تبصرہ