ہفتہ 3 اکتوبر 2026 - 20:49
نمازِ جمعہ مسلمانوں کی اجتماعی وحدت اور باہمی اخوت کا مظہر ہے: مولانا محسن رضا عابدی

حوزہ/ ہندوستان کے علاقے مغربی بنگال کے ہگلی امام باڑہ میں نمازِ جمعہ کے خطبے سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا محسن رضا عابدی نے کہا کہ نمازِ جمعہ محض ایک عبادت نہیں بلکہ مسلمانوں کی اجتماعی وحدت، باہمی اخوت اور اللہ تعالیٰ سے تعلق کو مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے علاقے مغربی بنگال کے ہگلی امام باڑہ میں نمازِ جمعہ کے خطبے سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا محسن رضا عابدی نے کہا کہ نمازِ جمعہ محض ایک عبادت نہیں بلکہ مسلمانوں کی اجتماعی وحدت، باہمی اخوت اور اللہ تعالیٰ سے تعلق کو مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ مومن کو دنیاوی مصروفیات سے بالاتر ہوکر اللہ تعالیٰ کے احکام کو اپنی زندگی میں اولین ترجیح دینی چاہیے اور جمعہ کے دن کو عبادت، ذکرِ الٰہی اور دینی شعور کی تجدید کا ذریعہ بنانا چاہیے۔

حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا محسن رضا عابدی نے سورۂ جمعہ کی آیت کی روشنی میں مسلمانوں کو تاکید کی کہ جمعہ کے دن نماز کے لیے اذان دیے جانے کے بعد کاروبار اور دیگر دنیوی مصروفیات ترک کرکے اللہ کے ذکر اور نمازِ جمعہ کی طرف متوجہ ہونا ہر مومن کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی بھلائی اللہ کے حکم کی پیروی اور اس کے ذکر میں ہے، اگر انسان اس حقیقت کو سمجھ سکے۔

خطبے کے آغاز میں امام جمعہ نے سورۂ جمعہ کی آیت تلاوت کی: «يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِذَا نُودِيَ لِلصَّلَاةِ مِنْ يَوْمِ الْجُمُعَةِ فَاسْعَوْا إِلَىٰ ذِكْرِ اللَّهِ وَذَرُوا الْبَيْعَ ذَٰلِكُمْ خَيْرٌ لَّكُمْ إِنْ كُنْتُمْ تَعْلَمُونَ»

ترجمہ: اے ایمان والو! جب جمعہ کے دن نماز کے لیے اذان دی جائے تو اللہ کے ذکر کی طرف تیزی سے بڑھو اور خرید و فروخت چھوڑ دو۔ یہ تمہارے لیے بہتر ہے، اگر تم جانتے ہو۔

مولانا محسن رضا عبدی نے آیت کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جمعہ کے دن نماز کی اذان کے بعد مومنوں کو دنیوی مصروفیات، بالخصوص خرید و فروخت، ترک کرکے نماز اور اللہ کے ذکر کی طرف متوجہ ہونے کا واضح حکم دیا ہے۔ یہ حکم اللہ تعالیٰ سے اطاعت، وقت کی قدر اور آخرت پر ایمان کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسان اکثر دنیاوی اور عارضی فائدوں میں اس قدر مشغول ہوجاتا ہے کہ اللہ کے ذکر اور آخرت کی تیاری کو نظرانداز کرنے لگتا ہے، حالانکہ حقیقی کامیابی اللہ تعالیٰ کے احکام پر عمل کرنے میں ہے۔

امام جمعہ نے مزید کہا کہ نمازِ جمعہ محض ایک انفرادی عبادت نہیں بلکہ مسلمانوں کے اتحاد، اخوت اور باہمی یکجہتی کا بھی اہم مظہر ہے۔ ہر ہفتے مسلمان ایک جگہ جمع ہوکر کاندھے سے کاندھا ملا کر عبادت کرتے ہیں، جس سے معاشرے میں محبت، بھائی چارے اور ہمدردی کو فروغ ملتا ہے۔

انہوں نے مسلمانوں کو جمعہ کے دن کی اہمیت اور آداب کی طرف متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ غسل کرنا، پاکیزہ لباس پہننا، خوشبو استعمال کرنا، وقت پر مسجد پہنچنا اور خطبہ توجہ سے سننا جمعہ کے اہم آداب میں شامل ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ نمازِ جمعہ کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت نہ برتیں۔

مولانا محسن رضا عابدی نے کہا کہ سورۂ جمعہ کی مذکورہ آیت ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ دنیوی کام اللہ کی عبادت اور اس کے احکام کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے چاہئیں۔ انسان کو اپنی زندگی میں اللہ تعالیٰ کے حکم کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔

آخر میں انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ نمازِ جمعہ کو پوری اہمیت کے ساتھ ادا کریں، اللہ تعالیٰ کے احکام پر عمل کریں اور اپنی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں۔ ان کے اس خطاب میں مقامی بڑی تعداد میں نمازیوں نے شرکت کی اور خطبہ و نماز کو توجہ کے ساتھ سنا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha