حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مرکزی جامع مسجد مہدیہ، جامعہ علمیہ امام حسن عسکریؑ گھلواں علی پور میں 2 اکتوبر 2026ء کو نمازِ جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد زکاء الحسن، فاضل قم و پرنسپل جامعہ علمیہ امام حسن عسکری (ع) گھلواں علی پور کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد زکاء الحسن نے خطبۂ اول میں تقوائے الٰہی، موت کی حقیقت اور آخرت کی تیاری کے موضوع پر گفتگو کی۔ انہوں نے سورۂ جمعہ کی آیتِ کریمہ "قُلْ إِنَّ الْمَوْتَ الَّذِي تَفِرُّونَ مِنْهُ فَإِنَّهُ مُلَاقِيكُمْ ثُمَّ تُرَدُّونَ إِلَىٰ عَالِمِ الْغَيْبِ وَالشَّهَادَةِ فَيُنَبِّئُكُم بِمَا كُنتُمْ تَعْمَلُونَ" کی تفسیر و تشریح بیان کرتے ہوئے موت کی حتمیت اور آخرت میں اعمال کے حساب و کتاب کی جانب متوجہ کیا۔
انہوں نے کہا: انسان دنیاوی زندگی میں موت سے فرار کی کوشش کر سکتا ہے، تاہم موت ایک ایسی حقیقت ہے جس سے کسی انسان کو مفر نہیں۔ بالآخر ہر شخص کو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں لوٹ کر جانا ہے، جہاں اسے دنیا میں انجام دیے گئے اعمال کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔

مولانا محمد زکاء الحسن نے آیات و روایات کی روشنی میں آخرت کی تیاری کے اسباب بیان کرتے ہوئے تقوائے الٰہی اور اعمالِ صالحہ کی اہمیت پر زور دیا اور مؤمنین کو اپنی زندگی کے اعمال کا محاسبہ کرنے اور آخرت کے لیے تیاری کی تلقین کی۔
خطبۂ ثانی میں مولانا محمد زکاء الحسن نے سورۂ مائدہ کی آیتِ کریمہ "يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ وَابْتَغُوا إِلَيْهِ الْوَسِيلَةَ وَجَاهِدُوا فِي سَبِيلِهِ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ" کی تفسیر و تشریح بیان کی۔
انہوں نے کہا: اس آیتِ کریمہ میں اہلِ ایمان کو فلاح و کامیابی کے حصول کے لیے تین بنیادی امور کی طرف متوجہ کیا گیا ہے: تقویٰ، اللہ تعالیٰ کی طرف وسیلہ تلاش کرنا اور راہِ خدا میں جدوجہد کرنا۔
انہوں نے تقویٰ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا: اللہ تعالیٰ کی اطاعت، گناہوں سے اجتناب اور اپنے اعمال میں اس کی رضا کو پیشِ نظر رکھنا مؤمن کی زندگی کا بنیادی اصول ہونا چاہیے۔

مولانا محمد زکاء الحسن نے توسل کے مفہوم اور اہمیت پر بھی تفصیلی گفتگو کی اور آیات و روایات کی روشنی میں توسل کی چھ اقسام بیان کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اللہ تعالیٰ کی قربت اور اس کی رضا کے حصول کے لیے مشروع ذرائع اختیار کرنا دینی تعلیمات کا اہم حصہ ہے۔
انہوں نے کہا: قرآن کریم نے فلاح کو محض دعوے یا آرزو سے وابستہ نہیں کیا بلکہ تقویٰ، وسیلہ اور راہِ خدا میں جدوجہد جیسے عملی تقاضوں کے ساتھ جوڑا ہے۔ لہٰذا مؤمن کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں ان تعلیمات کو اختیار کرنا چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ نمازِ جمعہ کے اجتماع میں جامعہ علمیہ امام حسن عسکریؑ گھلواں علی پور سے وابستہ افراد اور اہلِ علاقہ نے شرکت کی۔ خطبۂ جمعہ میں قرآن کریم کی آیات کی تفسیر، آخرت کی تیاری، تقوائے الٰہی، توسل اور راہِ خدا میں جدوجہد کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔











آپ کا تبصرہ