جمعہ 18 ستمبر 2026 - 18:13
اہل بیت علیہم السلام سے محبت صرف زبانی دعوے تک محدود نہیں ہونی چاہیے حجت الاسلام والمسلمین محمد زکاء الحسن

حوزہ / حجت الاسلام والمسلمین محمد زکاء الحسن نے کہا ہے کہ انسان کی حقیقی کامیابی اس بات میں ہے کہ اس کی زندگی ایمان، تقویٰ، نیک اعمال اور دینی تعلیمات کے مطابق گزرے اور اس کا خاتمہ ایمان و سعادت پر ہو۔ انہوں نے لوگوں کی مختلف اقسام اور خاتمہ بالخیر کے اسباب کو قرآن کریم اور روایات کی روشنی میں بیان کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مرکزی جامع مسجد مہدیہ، جامعہ علمیہ امام حسن عسکری گھلواں علی پور میں خطبہ و نماز جمعہ حجت الاسلام والمسلمین مولانا محمد زکاء الحسن ، فاضل قم و پرنسپل جامعہ علمیہ امام حسن عسکری (ع) گھلواں، علی پور کی اقتدا میں ادا کی گئی۔

خطبۂ جمعہ کے پہلے حصے میں مولانا محمد زکاء الحسن نے تقویٰ الٰہی کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے دعا کے اس جملے کی تشریح کی: «اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ أَنْ تَخْتِمَ لِي بِالسَّعَادَة، فَلا تَسْلُبْ مِنّى ما أَنَا فيهِ»۔ انہوں نے اس دعا میں موجود خاتمہ بالخیر کی خواہش اور سعادتِ آخرت کی اہمیت کو قرآن و روایات کی روشنی میں واضح کیا۔

انہوں نے کہا کہ انسان کے لیے صرف موجودہ حالت کا درست ہونا کافی نہیں بلکہ اسے اپنی پوری زندگی ایمان، تقویٰ اور اطاعتِ الٰہی کے راستے پر قائم رہنے کی کوشش کرنی چاہیے کیونکہ اصل کامیابی انسان کے انجام اور خاتمے سے وابستہ ہے۔

مولانا محمد زکاء الحسن نے قرآن کریم اور احادیث کی روشنی میں لوگوں کی چار اقسام اور خاتمہ بالخیر کے اسباب بھی بیان کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسان کو اپنے اعمال، اخلاق، ایمان اور اللہ تعالیٰ سے تعلق کا مسلسل جائزہ لیتے رہنا چاہیے تاکہ زندگی کا اختتام نیکی اور سعادت پر ہو۔

اہل بیت علیہم السلام سے محبت صرف زبانی دعوے تک محدود نہیں ہونی چاہیے

خطبۂ جمعہ کے دوسرے حصے میں حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی سیرت، شخصیت اور اخلاق کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔ مولانا محمد زکاء الحسن نے امام حسن عسکری علیہ السلام کی علمی، اخلاقی اور روحانی شخصیت کو بیان کرتے ہوئے آپ علیہ السلام کی تعلیمات سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے امام حسن عسکری علیہ السلام کے فرامین کی روشنی میں شیعہ اور محب کے درمیان فرق اور حقیقی شیعہ کی علامات بھی بیان کیں۔

خطیب جمعہ نے کہا: اہل بیت علیہم السلام سے محبت صرف زبانی دعوے تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ حقیقی محبت کا تقاضا یہ ہے کہ انسان اپنی زندگی کو ائمہ اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات، اخلاق اور سیرت کے مطابق ڈھالے۔

انہوں نے تاکید کی کہ مکتب اہل بیت علیہم السلام سے وابستگی انسان کے کردار، عبادات، اخلاق، معاملات اور معاشرتی رویے میں نمایاں ہونی چاہیے۔ امام حسن عسکری علیہ السلام کے کلام مبارک میں حقیقی شیعہ کی جو علامات بیان ہوئی ہیں، ان پر عمل پیرا ہونا اہل ایمان کے لیے عملی رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

خطبۂ جمعہ کے اختتام پر مسلمانوں کو تقویٰ، اخلاص، نیک اعمال، اہل بیت علیہم السلام کی سیرت پر عمل اور خاتمہ بالخیر کے لیے مسلسل دعا و جدوجہد کی تلقین کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha