ہفتہ 22 اگست 2026 - 20:25
حضرت امام حسن عسکری (ع) نے جبر و استبداد کے باوجود دین کی ترویج کا فریضہ انجام دیا:مولانا میثم جعفری

حوزہ/ مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو بلتستان میں شہادتِ امام حسن عسکری علیہ السلام کی مناسبت سے 8 ربیع الاول کو خطاب کرتے ہوئے مولانا شیخ میثم جعفری نے امام حسن عسکری کی سیرت و کردار اور جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ائمۂ اہل بیت نے تاریخ کے انتہائی پُرآشوب اور سخت ترین ادوار میں زندگی بسر کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو بلتستان میں شہادتِ امام حسن عسکری علیہ السلام کی مناسبت سے 8 ربیع الاول کو خطاب کرتے ہوئے مولانا شیخ میثم جعفری نے امام حسن عسکری علیہ السلام کی سیرت و کردار اور جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ائمۂ اہل بیت علیہم السلام نے تاریخ کے انتہائی پُرآشوب اور سخت ترین ادوار میں زندگی بسر کی۔ ان ادوار میں نہ صرف ائمہ علیہم السلام بلکہ ان کے پیروکاروں کے لیے بھی حالات نہایت دشوار تھے۔

انہوں نے کہا کہ امام حسن عسکری علیہ السلام کا دور عباسی حکمرانوں کے شدید ظلم و جبر، نگرانی اور پابندیوں کا زمانہ تھا۔ اہل بیت علیہم السلام کے ماننے والوں کو محض محبت و عقیدت کی بنیاد پر گرفتار، تشدد اور قتل کیا جاتا، حتیٰ کہ ان کے خاندانوں کو خوف و اضطراب میں مبتلا رکھنے کے لیے ان کے عزیزوں کے بارے میں بھی انہیں بے خبر رکھا جاتا۔ ایسے کٹھن حالات میں امام حسن عسکری علیہ السلام نے صبر، تقویٰ، حکمت اور بصیرت کے ساتھ دینِ اسلام کی ترویج اور مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کی حفاظت کا فریضہ انجام دیا۔

حضرت امام حسن عسکری (ع) نے جبر و استبداد کے باوجود دین کی ترویج کا فریضہ انجام دیا:مولانا میثم جعفری

شیخ میثم جعفری نے کہا کہ امام حسن عسکری علیہ السلام نے تمام تر حکومتی دباؤ اور مسلسل نگرانی کے باوجود ظالم و جابر حکمرانوں کی تائید و حمایت نہیں کی۔ آپ کی پاکیزہ سیرت، علمی مقام، اخلاقی عظمت اور حق پر استقامت ہی وہ عوامل تھے جن کی وجہ سے وقت کے حکمران آپ کو اپنے اقتدار کے لیے خطرہ سمجھتے تھے۔ امام نے اپنے مختصر مگر پربرکت دورِ امامت میں اپنے اصحاب کی تربیت، دینی معارف کی حفاظت اور آنے والے دور کے لیے امت کی فکری و روحانی تیاری کا اہم فریضہ انجام دیا۔

انہوں نے کہا کہ امام حسن عسکری علیہ السلام کی زندگی ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ حالات کتنے ہی سخت کیوں نہ ہوں، حق کی حفاظت، دین کی پاسداری اور ظلم کے مقابلے میں استقامت سے دستبردار نہیں ہونا چاہیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha