حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی صدر جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان سید فتح محمد رضوی نے حجت الاسلام والمسلمین علامہ آغا سید محمد عباس رضوی کے انتقال کی المناک خبر پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، احباب و رفقاء اور تمام سوگواران سے دلی تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔
جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر نے کہا کہ علامہ آغا سید محمد عباس رضوی ایک مخلص، باوقار، باعمل اور اصول پسند دینی و ملی شخصیت تھے۔ وہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے باوفا، مخلص اور دیرینہ رفقاء میں شمار ہوتے تھے اور ملی و دینی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ فعال کردار ادا کرتے رہے۔ انہوں نے اپنی زندگی دین و مذہب کی خدمت، عوامی فلاح اور ملی امور کی سربلندی کے لیے وقف کیے رکھی۔
سید فتح محمد رضوی نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور گلگت بلتستان کے سابق صوبائی صدر کی حیثیت سے آغا سید عباس رضوی نے تنظیمی و ملی میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کونسل کے رکن اور انجمنِ امامیہ گلگت بلتستان کے دو مرتبہ صدر کی حیثیت سے بھی عوامی و ملی خدمت کا فریضہ انجام دیا۔
جعفریہ سٹوڈنٹس کے مرکزی صدر نے کہا کہ مرحوم کی شخصیت سادگی، متانت، خودداری، حق گوئی اور اصول پسندی کا عملی نمونہ تھی۔ مختلف اہم ذمہ داریوں پر فائز رہنے کے باوجود ان کا عوام سے تعلق خلوص، محبت اور خدمت کی بنیاد پر قائم رہا۔ ان کی رحلت دینی و ملی حلقوں، بالخصوص گلگت بلتستان کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، تاہم ان کی خدمات، کردار اور نیک نامی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
سید فتح محمد رضوی نے کہا کہ مرحوم کی دینی و ملی جدوجہد اور قیادت کے ساتھ ان کی وفاداری و وابستگی نوجوان نسل کے لیے اخلاص، استقامت اور خدمتِ دین و ملت کی قابلِ قدر مثال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے مرحوم کے تمام لواحقین اور پسماندگان سے دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے بارگاہِ رب العزت میں دعا کرتے ہیں کہ بحقِ محمد و آلِ محمدؐ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام، مغفرت اور بلندیِ درجات عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل و اجرِ عظیم نصیب فرمائے۔
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ










آپ کا تبصرہ