پیر 2 نومبر 2026 - 12:40
خبر غم؛ معروف عالمِ دین، قلمکار اور سربراہ مدرسہ بنت الہدیٰ ہریانہ مولانا عقیل رضا ترابی کا انتقال

حوزہ/ ہندوستان کے دینی و علمی حلقوں میں رنج و غم کی لہر؛ مرحوم مولانا عقیل رضا ترابی طویل عرصے سے دینی، تبلیغی اور تعلیمی خدمات کے ساتھ ساتھ میدانِ قلم میں بھی سرگرمِ عمل تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، معروف عالمِ دین، قلمکار اور مدرسہ بنت الہدیٰ رجسٹرڈ، سید چھپرہ، ضلع کرنال، ہریانہ کے سربراہ مولانا عقیل رضا ترابی کے انتقال کی خبر سے دینی و علمی حلقوں میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ مرحوم عرصۂ دراز سے دینی، علمی، تبلیغی اور تعلیمی خدمات انجام دے رہے تھے اور اپنی تحریروں کے ذریعے بھی مذہبی و فکری موضوعات پر مسلسل اظہارِ خیال کرتے رہے۔

مولانا عقیل رضا ترابی کا شمار ان اہلِ علم میں ہوتا تھا جو تدریسی و تبلیغی سرگرمیوں کے ساتھ قلمی میدان میں بھی سرگرم تھے۔ وہ دینی اور مذہبی موضوعات پر مضامین و مقالات تحریر کرتے تھے، جن میں بالخصوص اہل بیت علیہم السلام کی سیرت، ائمہ معصومین علیہم السلام کی ولادت و شہادت کے ایام اور ان کی تعلیمات کے مختلف پہلو نمایاں ہوتے تھے۔ ان کی متعدد تحریریں اور دینی سرگرمیوں سے متعلق خبریں حوزہ نیوز ایجنسی کے اردو شعبے سے بھی شائع ہوتی رہی ہیں۔

مرحوم مدرسہ بنت الہدیٰ رجسٹرڈ، سید چھپرہ، ضلع کرنال کے سربراہ کی حیثیت سے دینی و تعلیمی خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی مخلصانہ کوششوں اور مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں علاقے کی دخترانِ قوم کے لیے تعلیم و تربیت کا ایک اہم مرکز قائم ہوا، جہاں طالبات قرآن کریم، معارفِ اہل بیت علیہم السلام اور دیگر دینی علوم کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔

وہ مدرسے کے تعلیمی و تربیتی نظام کے حوالے سے فکرمند رہتے تھے اور دینی تعلیم کے فروغ، نئی نسل کی تربیت اور مذہبی شعور کی بیداری کو اپنی ذمہ داری سمجھتے تھے۔ ان کی علمی و قلمی خدمات کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم و تربیت کے میدان میں ان کی جدوجہد بھی قابلِ قدر ہے۔

تدفین کی تفصیلات

مرحوم کے اہلِ خانہ کی جانب سے جاری اطلاع کے مطابق، مولانا عقیل رضا ترابی کی تدفین کل صبح 9 بجے گڑھی بھجھیرا، ضلع مظفرنگر، اتر پردیش میں عمل میں آئے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی مرحوم کے انتقال پر ان کے اہلِ خانہ، متعلقین، شاگردوں اور تمام سوگواران کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتی ہے اور بارگاہِ خداوندی میں دعاگو ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، انہیں جوارِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔ آمین۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha