ہفتہ 7 نومبر 2026 - 19:46
مبلغین معاشرے کی دینی و فکری رہنمائی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں

حوزہ / علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے مشہد مقدس میں دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان کا دورہ کیا جہاں اپنی گفتگو کے دوران مبلغین کو درپیش مشکلات، مدارس میں عصری تعلیم کی ضرورت اور قومی و ملی مسائل کے حل میں منبر کے مؤثر کردار پر تبادلۂ خیال کیا اور قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی قیادت میں جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، معروف خطیب اور عالم دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے مشہد مقدس میں دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان کا دورہ کیا۔ جہاں دفتر کے مدیر و نمائندہ قائد مولانا سید عقیل حیدر زیدی اور دفتر کے دیگر اراکین نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر دبیرِ مجلسِ نظارت مولانا سید موسیٰ رضا نقوی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران پاکستان کی دینی، علمی اور ملی صورت حال سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان میں تشیع کو درپیش مشکلات اور چیلنجز کا جائزہ لیا گیا جبکہ موجودہ حالات میں ملت تشیع کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر گفتگو ہوئی۔ اس ضمن میں دینی قیادت، علماء کرام اور مذہبی و سماجی اداروں کے باہمی رابطے اور مشترکہ جدوجہد کی اہمیت بھی زیرِ بحث آئی۔

مبلغین معاشرے کی دینی و فکری رہنمائی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں

گفتگو کے دوران پاکستان میں تبلیغی ذمہ داریاں انجام دینے والے علماء اور مبلغین کو درپیش مشکلات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس امر پر توجہ دلائی گئی کہ مبلغین معاشرے کی دینی و فکری رہنمائی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں لہٰذا ان کے مسائل کے حل، سہولتوں کی فراہمی اور تبلیغی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

ملاقات کا ایک اہم موضوع پاکستان کے دینی مدارس میں عصری تعلیم کی افادیت اور اس کی ضرورت تھا۔ اس حوالے سے اس امر پر گفتگو ہوئی کہ دینی علوم کے ساتھ جدید تعلیمی تقاضوں سے آگاہی بھی طلبہ کی علمی و فکری صلاحیتوں میں اضافے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ مدارس کے طلبہ کو دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم سے روشناس کرانے اور انہیں جدید دور کے علمی، فکری اور سماجی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کی اہمیت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

مبلغین معاشرے کی دینی و فکری رہنمائی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں

اسی طرح قوم کو درپیش مختلف مسائل کے حل اور عوامی شعور کی بیداری میں منبر کے کردار پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر منبر کو صرف مذہبی تعلیمات اور احکام کی تبلیغ کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ معاشرتی اصلاح، فکری تربیت، اتحاد و وحدت کے فروغ اور قومی و ملی مسائل کے حوالے سے عوام کی رہنمائی کا ایک مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا گیا۔

ملاقات میں مختلف علمی، تنظیمی اور دینی امور بھی زیرِ بحث آئے اور باہمی مشاورت کے ذریعے ان شعبوں میں مزید بہتری اور پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

دورے کے اختتام پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی قیادت میں دینی، علمی اور قومی و ملی میدانوں میں اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha