اتوار 8 نومبر 2026 - 04:32
امریکی انتخابات میں ٹرمپ کی جماعت کی شکست اور عالمی جرائد کے سرورق پر دلچسپ تبصرے

حوزہ / ٹائم، دی اکانومسٹ، نیویارکر اور نیویارک پوسٹ نے امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کو اپنے اپنے انداز میں پیش کیا۔ بعض سرورق پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاسی مشکلات جبکہ بعض پر ایران جنگ کے انتخابی اثرات کو نمایاں کیا گیا۔

مرتبہ: سید عقیل عباس

حوزہ نیوز ایجنسی | امریکہ میں 3 نومبر 2026ء کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت ریپبلکن پارٹی کو غیر معمولی شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی نے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں کامیابی حاصل کر کے کانگریس میں اکثریت حاصل کرلی۔

انتخابی نتائج کو امریکی سیاست میں ایک اہم تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔ ان نتائج کے بعد عالمی ذرائع ابلاغ اور معروف بین الاقوامی جرائد نے بھی اپنے سرورق اور تبصروں کے ذریعہ اس سیاسی صورت حال کو نمایاں کیا۔

امریکی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ریپبلکن پارٹی کی شکست کے اسباب میں ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں، معاشی مشکلات، مہنگائی اور ایران کے ساتھ جاری جنگ کے اثرات کو بھی اہم قرار دیا گیا ہے۔ خود ٹرمپ نے بھی ایران جنگ اور اس کے نتیجے میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کو انتخابی نقصان کی وجوہات میں شامل تسلیم کیا ہے۔

چار معروف جرائد کے سرورق اور ان کا پیغام

1۔ ٹائم (TIME)

جریدے کے 4 نومبر 2026ء کے شمارے کے سرورق پر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر دکھائی گئی ہے، جس کے منہ پر ’’I Voted‘‘ (میں نے ووٹ دیا) کا اسٹیکر چسپاں ہے۔ اسے انتخابی فیصلے کے ذریعہ ٹرمپ کے سیاسی بیانیہ کو عوامی جواب دینے کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

امریکی انتخابات میں ٹرمپ کی جماعت کی شکست اور عالمی جرائد کے سرورق پر دلچسپ تبصرے

2۔ دی اکانومسٹ (The Economist)

سرورق پر ٹرمپ کو نیلے رنگ کی ایک بڑی سمندری لہر میں اپنی سرخ سرفنگ بورڈ سے گرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ یہ تصویر ڈیموکریٹس کی انتخابی کامیابی اور ریپبلکن جماعت کو پہنچنے والے بڑے سیاسی دھچکے کی علامت ہے۔ جریدے نے اس صورت حال کو ٹرمپ کی بڑی سیاسی رسوائی قرار دیا ہے۔

امریکی انتخابات میں ٹرمپ کی جماعت کی شکست اور عالمی جرائد کے سرورق پر دلچسپ تبصرے

3۔ دی نیویارکر (The New Yorker)

نیویارکر کے 16 نومبر کے شمارے کے سرورق کا عنوان ’’Sea Change‘‘ (سیاسی منظرنامے میں بڑی تبدیلی) ہے۔ معروف مصور بیری بلٹ کی اس تصویر میں کامیاب ہونے والے چھ ڈیموکریٹ رہنماؤں کو نیلی انتخابی لہر پر خوشی سے سوار دکھایا گیا ہے۔

امریکی انتخابات میں ٹرمپ کی جماعت کی شکست اور عالمی جرائد کے سرورق پر دلچسپ تبصرے

4۔ نیویارک پوسٹ (New York Post)

ریپبلکن جماعت کے قریب سمجھے جانے والے اس اخبار نے بھی ٹرمپ کی شکست کو نمایاں کیا۔ اس کے سرورق پر ’’BLUE TSUNAMI‘‘ (نیلی سونامی) کی سرخی کے ساتھ ٹرمپ کو ایک بڑی نیلی لہر کی زد میں دکھایا گیا۔ ذیلی سرخی میں ریپبلکن جماعت کی تاریخی انتخابی پسپائی کا ذکر کیا گیا ہے۔

امریکی انتخابات میں ٹرمپ کی جماعت کی شکست اور عالمی جرائد کے سرورق پر دلچسپ تبصرے

ایران جنگ اور انتخابی شکست کا باہمی تعلق

ان انتخابی نتائج کے تناظر میں ایران کے ساتھ جاری جنگ کا معاملہ بھی امریکی ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی ریپبلکن جماعت کی انتخابی ناکامی میں ایران جنگ کے کردار کی نشاندہی کی جبکہ صدر ٹرمپ نے جنگ اور اس کے نتیجے میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کو انتخابی نقصان کی وجوہات میں شمار کیا۔

5 نومبر 2026ء کے شائع ہونے والے نیویارک پوسٹ کا ہی ایک جملہ کافی توجہ کا مرکز رہا جس میں ٹرمپ کی جماعت کے انتخابات میں شکست کا ذمہ دار ایران جنگ کو قرار دیا گیا اور یہ جملہ "تہران نے ہمیں تقسیم کر دیا" / "TEHRAN US APART" تھا۔ جس میں استکبار کی شکست کو انتہائی واضح انداز میں دیکھا جا سکتا ہے۔

امریکی انتخابات میں ٹرمپ کی جماعت کی شکست اور عالمی جرائد کے سرورق پر دلچسپ تبصرے

بین الاقوامی اخبارات کے سرورق پر بھی اس پہلو کو نمایاں کیا گیا۔ مختلف اخبارات نے امریکی انتخابی نتائج کو ایران جنگ، معاشی دباؤ اور ٹرمپ انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کے تناظر میں پیش کیا۔

مجموعی طور پر ان سرورقوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی انتخابات میں ریپبلکن جماعت کی شکست محض پارلیمانی نشستوں کی تبدیلی نہیں بلکہ ٹرمپ انتظامیہ کی داخلی اور خارجی پالیسیوں کے حوالے سے عوامی ردعمل کا ایک اہم اظہار بھی ہے۔ ان نتائج نے امریکی سیاسی منظرنامہ میں نئی صف بندی اور آئندہ دو برس کے لیے وائٹ ہاؤس اور کانگریس کے درمیان سیاسی کشمکش کے امکانات کو بھی بڑھا دیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha