حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تقریب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ڈپٹی قونصل جنرل حسن معظمی، خانۂ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران پشاور کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حسین چاقمی، کریٹیو آرٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین سجاد علی اورکزئی، ممتاز شاعر عزیز اعجاز، علامہ عابد حسین شاکری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محمود اور پروفیسر ڈاکٹر اظہار اللہ اظہار سمیت دیگر علمی و ادبی شخصیات شریک ہوئیں۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔
مقررین نے اپنے خطابات میں علامہ اقبال کے تصورِ شاہین اور امتِ واحدہ کے پیغام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو انتشار سے بچانے اور اس کی وحدت و یکجہتی برقرار رکھنے کے لیے فکرِ اقبال سے رہنمائی حاصل کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای اور علامہ اقبال کی فکر کا بنیادی محور امتِ مسلمہ کی وحدت، بیداری اور استعمار دشمنی ہے۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ علامہ اقبال کی شاعری اور افکار مسلمانوں کو اتحاد، خودی اور بیداری کا درس دیتے ہیں، جبکہ شہید آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کے افکار بھی اسی پیغامِ اتحاد کو آگے بڑھاتے ہیں۔ ان کے مطابق اس نوعیت کے علمی و فکری مباحث نوجوان نسل کو فکری انحطاط سے محفوظ رکھنے اور انہیں اتحاد و یکجہتی کی راہ دکھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر دانشوروں نے فکرِ اقبال اور شہید آیت اللہ خامنہ ای کے افکار کے درمیان فکری مماثلتوں کو بھی مختلف مثالوں کے ذریعے اجاگر کیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی، اسلامی جمہوریہ ایران کے ڈپٹی قونصل جنرل حسن معظمی نے اپنے خطاب میں پاکستان اور ایران کے تاریخی، ثقافتی اور ادبی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کا پیغام کسی جغرافیائی سرحد کا پابند نہیں اور ایران میں ان کی فکر کو انتہائی عقیدت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
تقریب کے صدر اور ممتاز شاعر عزیز اعجاز نے اپنے صدارتی خطاب میں سیمینار کے موضوع کو علمی اور ادبی زاویوں سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ شعراء اور ادیبوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے قلم کے ذریعے معاشرے سے نفرتوں کا خاتمہ کریں اور محبت، اخوت اور اتحاد کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔

مشاعرے کے دوران ممتاز شعراء نے اپنے مخصوص شعری انداز میں کلام پیش کیا اور علامہ اقبال کے افکار، وحدتِ امت اور اتحادِ مسلمین کے موضوع پر منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں اور شرکاء کی تواضع کی گئی۔ منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے میں فکری بیداری، اتحاد و یکجہتی اور اعلیٰ ادبی اقدار کے فروغ کے لیے اس نوعیت کی علمی و ادبی محافل کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔










آپ کا تبصرہ