اتوار 15 نومبر 2026 - 00:19
حیدرآباد کے قاسم آباد میں ایامِ فاطمیہؑ کے موقع پر عظیم الشان سالانہ مرکزی جلوسِ عزاء برآمد

حوزہ/ ایامِ فاطمیہؑ کی مناسبت سے مدرسہ صراطِ الٰہی و ادارہ حفظ القرآن، قاسم آباد، حیدرآباد کے زیرِ اہتمام سالانہ مرکزی جلوسِ عزاء برآمد کیا گیا، جس میں 500 سے زائد مومنین و مومنات، طلباء و طالبات اور بچوں نے شرکت کرکے سیدہ کونین حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حیدرآباد-پاکستان/ ایامِ شہادتِ حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے مدرسہ صراطِ الٰہی و ادارہ حفظ القرآن، قاسم آباد، حیدرآباد کے زیرِ اہتمام گزشتہ تین برسوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی عظیم الشان سالانہ مرکزی جلوسِ عزاء برآمد کیا گیا، جس میں شہر بھر سے 500 سے زائد مومنین و مومنات، طلباء و طالبات اور بچوں نے شرکت کی۔

یہ جلوسِ عزاء شام 4 بجے مدرسہ صراطِ الٰہی، قاسم آباد سے نہایت عقیدت و احترام اور نظم و ضبط کے ساتھ برآمد ہوا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام 5:30 بجے علی پیلس چوک پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں خواتین نے بھی مکمل حجاب و پردے کے اہتمام کے ساتھ شرکت کی۔

جلوس کے شرکاء نے عزاداری کے ساتھ ساتھ حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کے اسمائے مبارکہ پر مشتمل بینرز اور وطنِ عزیز پاکستان سے محبت و وابستگی کے اظہار کے لیے سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر جنت البقیع کی تعزیتی شبیہ بھی شرکاء کے ہاتھوں میں نمایاں تھی، جو اہلِ بیت علیہم السلام سے ان کی گہری عقیدت اور جنت البقیع کی مظلومیت کی یاد دہانی کا مظہر تھی۔

جلوس کے دوران اور علی پیلس چوک پر منعقدہ اختتامی اجتماع سے ادارے کے سرپرست زاہد علی کاظمی، اصغریہ علم و عمل تحریک کے سینئر رہنما سید پسند رضوی اور معلمہ سیدہ معصومہ موسوی نے خطاب کیا۔ مقررین نے حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی پاکیزہ سیرت، صبر و استقامت، مقام و منزلت اور آفاقی پیغام کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

مقررین نے کہا کہ سیدہ کونین سلام اللہ علیہا کی حیاتِ طیبہ پوری انسانیت، بالخصوص خواتین کے لیے بہترین نمونۂ عمل ہے۔ ہمیں دخترِ رسولؐ کی عظیم اور حق و انصاف پر مبنی تحریک کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ آپؑ نے وقت کے حکمران کے سامنے احتجاج اور حق گوئی کے ذریعے یہ واضح کیا کہ دین و شریعتِ محمدیؐ کی حقیقی پاسداری ہی عزت و سربلندی کی زندگی کا راستہ ہے، خواہ اس راہ میں شہادت ہی کیوں نہ اختیار کرنا پڑے۔

اس موقع پر معصوم بچوں نے نہایت سوز و گداز کے ساتھ نوحہ خوانی کی، جبکہ مولانا الطاف حسین نے خصوصی طور پر نوحہ خوانی اور عزاداری کے فرائض انجام دیے۔ جلوس میں شریک عزاداروں اور عام شہریوں کے لیے سبیل اور نیاز کا بھی وسیع انتظام کیا گیا تھا۔

جلوس کے پُرامن انعقاد اور سیکیورٹی کے لیے سندھ پولیس، بالخصوص قاسم آباد پولیس کے جوانوں نے مؤثر انتظامات کیے۔ اس موقع پر منتظمین نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور علی پیلس بینکوئٹ ہال کے سرپرست سید شجاع علی کا تعاون اور انتظامات میں معاونت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

آخر میں مولانا الطاف حسین نے ملکِ پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کرائی، جس کے بعد امامِ زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت میں سلام و دعا کے ساتھ جلوسِ عزاء اختتام پذیر ہوا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha