اتوار 15 نومبر 2026 - 15:01
طالب علم کے ہاتھ سے کبھی کتاب نہیں چھوٹنی چاہیے

"روزِ کتاب و کتاب خوانی" کی مناسبت سے رہبر شہید (رہ) کی نصیحتوں کا تذکرہ:

طالب علم کے ہاتھ سے کبھی کتاب نہیں چھوٹنی چاہیے

کتاب خوانی معاشرے میں رواج پانی چاہئے، بچوں اور نوجوانوں کو مطالعہ کا عادی بنایا جائے اور انہیں اچھی کتابوں سے روشناس کرایا جائے

حوزہ / رہبر شہید انقلاب اسلامی (رہ) نے کتاب خوانی کے فروغ، مطالعہ کی عادت پیدا کرنے اور نئی نسل کی فکری و علمی تربیت کے لیے کتاب کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا: معاشرے میں کتاب پڑھنے کی روایت کو عام کیا جانا چاہیے۔ بچوں اور نوجوانوں کو کم عمری ہی سے مطالعہ کا عادی بنایا جائے اور انہیں اچھی کتابوں کی طرف رہنمائی کی جائے۔ اسی طرح کتابوں کی تصنیف، ترجمہ اور اشاعت کے لیے معاشرے کی فکری ضروریات اور علمی خلاؤں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، "24 آبان / 15 نومبر؛ روزِ کتاب و کتاب خوانی" کے موقع پر جمہوریہ اسلامی ایران کے رہبر شہید (رہ) کے کتاب اور مطالعہ سے متعلق بیانات سے اہم نکات قارئین کی خدمت میں پیش کیے جا رہے ہیں۔ جن میں کتاب خوانی کے فروغ، علمی و فکری سرمایہ سازی اور نئی نسل تک مفید علمی مواد پہنچانے کی ضرورت پر خصوصی تاکید کی گئی ہے۔

طلبہ اور نوجوانوں کے لیے مطالعہ کا منظم نظام ضروری ہے

رہبر شہید (رہ) نے طلبہ تنظیموں میں کتاب خوانی کی مطلوبہ روایت نہ ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوجوانوں کو مطالعہ اور علم حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہیں چاہیے کہ کتاب خوانی کی تحریک شروع کریں اور باقاعدگی سے مطالعہ کریں۔

انہوں نے تاکید کی تھی کہ صرف ایک خاص مصنف کی کتابوں تک مطالعہ کو محدود نہ رکھا جائے بلکہ طلبہ، فکری گروہوں اور تجربہ کار نوجوانوں کو مل کر مختلف طبقات کے لیے مطالعاتی فہرستیں اور باقاعدہ مطالعاتی منصوبے تیار کرنے چاہئیں۔

نئی نسل تک انقلاب اسلامی کی تاریخ اور شناخت پہنچائی جائے

انہوں نے کتابوں اور دیگر ثقافتی و فنی موضوعات کی تیاری کے ساتھ انہیں قارئین تک پہنچانے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ صرف کتاب تیار کر لینا کافی نہیں بلکہ اس کے لیے قارئین پیدا کرنا اور کتاب کو ان کے ذہنوں تک پہنچانا بھی ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کے نوجوان فکری غذا کے محتاج ہیں۔ نئی نسل کے بہت سے افراد نے انقلاب، امام خمینی (قدس سرہ) اور جنگ کے دور کو اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھا، اس لیے انہیں اپنے ملک کی تاریخ، ماضی اور انقلابی شناخت سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔ کتاب لکھنے کے مقابلے میں اسے قارئین کی نگاہوں اور ذہنوں تک پہنچانا زیادہ مشکل کام ہے، جس کے لیے مہارت، توجہ اور باریک بینی درکار ہے۔

اچھی کتابوں کے تعارف کے لیے نمازِ جمعہ وغیرہ سے استفادہ

رہبر شہید (رہ) نے معاشرے میں کتاب خوانی کو طرزِ زندگی اور اچھی عادتوں کا حصہ بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ عوام اور نوجوانوں کو مطالعہ کی ترغیب دی جائے اور انہیں اچھی کتابوں سے متعارف کرایا جائے۔

انہوں نے تجویز پیش کی تھی کہ نمازِ جمعہ سے اچھی، جدید اور مفید کتابوں کی نمائش اور تعارف کے سلسلہ میں بہترین استفادہ کیا جا سکتا ہے تاکہ لوگ وہاں آکر کتابیں دیکھیں اور اپنی ضرورت کے مطابق انہیں حاصل کر سکیں۔ اسی طرح اہلِ قلم اور علمی شخصیات کو کتابیں لکھنے کی ترغیب دینا بھی ضروری ہے۔

نوجوانوں کی ضروریات کے مطابق کتابوں کا ترجمہ اور تصنیف

انہوں نے وزارتِ ثقافت و ارشاد اسلامی کی ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا بھر میں شائع ہونے والی ان کتابوں کا جائزہ لیا جائے جن کا مطالعہ ایرانی و اسلامی نوجوانوں کے لیے ضروری ہے اور ان کے ترجمہ کے لیے مناسب وسائل فراہم کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کتابوں کی تصنیف اور ترجمے کے لیے مترجمین کو تلاش کرنا اور ان کے ساتھ تعاون کرنا حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں منصوبہ بندی اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

بچوں میں کم عمری سے مطالعہ کی عادت پیدا کی جائے

رہبر شہید (رہ) نے معاشرے میں کتاب سے بے اعتنائی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوجوانوں اور بچوں کو کتاب پڑھنے کا عادی بنانا چاہیے کیونکہ کم عمری میں حاصل ہونے والی علمی معلومات اور مطالعہ کی عادت زندگی بھر انسان کے ساتھ رہتی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ نوجوانوں اور بچوں کو مختلف علوم اور موضوعات پر زیادہ سے زیادہ کتابیں پڑھنی چاہئیں، تاہم انہیں اچھی اور مفید کتابوں کی طرف رہنمائی کرنا بھی ضروری ہے تاکہ ان کا قیمتی وقت غیر مفید مطالعہ میں ضائع نہ ہو۔

طالب علم کے ہاتھ سے کبھی کتاب نہیں چھوٹنی چاہیے

رہبر شہید (رہ) نے بالخصوص حوزہ علمیہ کے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا تھا: ’’طالب علم کے ہاتھ سے کتاب کبھی نہیں چھوٹنی چاہیے۔ اسے ہر طرح کی کتابیں پڑھنی چاہئیں اور خصوصاً جوانی کے زمانے میں زیادہ سے زیادہ مطالعہ کرنا چاہیے۔‘‘

انہوں نے وضاحت کی تھی کہ جوانی میں انسان کا حافظہ غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے اور اس عمر میں حاصل کیا گیا علمی سرمایہ زیادہ دیر تک محفوظ رہتا ہے لہٰذا طلبہ کو چاہیے کہ تبلیغِ دین کے لیے درکار مختلف علوم، مفید معلومات اور ضروری آگاہیوں کو اسی عمر میں اپنے ذہنوں میں محفوظ کریں تاکہ مستقبل میں ان سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔

رہبر شہید (رہ) نے کتاب لکھنے، ترجمہ کرنے اور شائع کرنے والے اداروں کو تاکید کی تھی کہ وہ معاشرے کی فکری ضروریات اور علمی خلاؤں کی شناخت کریں اور اسی بنیاد پر کتابیں تیار کریں۔ ساتھ ہی ایسی کتابوں اور تراجم سے بھی ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے جن کا ظاہری رنگ ثقافتی ہو لیکن ان کے پس پردہ اخلاقی، دینی، اعتقادی اور سیاسی اعتبار سے نقصان دہ مقاصد کارفرما ہوں۔

قابل ذکر ہے کہ ایران میں ہر سال 24 آبان (15 نومبر) کو ’’کتاب اور کتاب خوانی کا دن‘‘ منایا جاتا ہے اور اسی روز ہفتۂ کتاب و کتاب خوانی کا آغاز ہوتا ہے۔ اس ہفتے کے دوران ملک بھر کے تعلیمی اداروں، مساجد، جامعات اور مختلف صوبوں میں کتابوں کی نمائشوں، تقریبات اور کتاب کی طباعت و اشاعت کے موضوع پر علمی نشستوں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha