اتوار 15 نومبر 2026 - 19:18
مظفرآباد کے فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس میں مجالسِ عزائے فاطمی کا انعقاد؛ بیت الحزن، جنت البقیع کے مناظر کی منظرکشی

حوزہ/ فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس میں مجالسِ عزائے فاطمی کا انعقاد؛ عالمات نے معرفتِ زہرا، اطاعتِ زہرا اور دفاعِ حق و ولایت کو حقیقی عزاداری کا تقاضا قرار دیا، جبکہ مختلف عزائی شبیہوں کے ذریعے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی مظلومیت کی منظرکشی کی گئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مظفرآباد/ فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس مظفرآباد میں شہادتِ جگرگوشۂ رسول، خاتونِ جنت حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے مجالسِ عزائے فاطمی کا اہتمام کیا گیا، جن میں کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کرکے بارگاہِ سیدہؑ میں عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

مظفرآباد کے فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس میں مجالسِ عزائے فاطمی کا انعقاد؛ بیت الحزن، جنت البقیع کے مناظر کی منظرکشی

مجالس کا آغاز زیارتِ عاشورہ سے ہوا۔ اس موقع پر مختلف عالمہ نے مجالس سے خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے مقام و منزلت، معرفتِ زہرا، دفاعِ حق و ولایت، سیرتِ فاطمی اور عصرِ حاضر میں آپؑ کی تعلیمات کو اپنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ مجالس کے اختتام پر مصائبِ اہلِ بیتؑ بیان کیے گئے اور نوحہ خوانی و ماتم داری کے ذریعے بارگاہِ سیدہؑ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا گیا۔ آخر میں شرکاء کے لیے تبرک کا بھی اہتمام کیا گیا۔

مقررین نے اپنے خطابات میں اس حقیقت کو واضح کیا کہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے حقیقی مقام و مرتبے کا کامل ادراک خداوندِ متعال، رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ائمۂ معصومین علیہم السلام ہی کو ہے۔ قرآن کریم کی آیتِ مبارکہ ’’وَما أَدْراکَ ما لَیْلَةُ الْقَدْرِ‘‘ کے حوالے سے آپؑ کی عظمت و منزلت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ معرفتِ زہرا کا تقاضا محض آپؑ کے فضائل و مناقب سے آگاہی نہیں، بلکہ آپؑ کے کردار، تعلیمات اور عملی سیرت کو سمجھنا اور اپنی زندگی میں انہیں اختیار کرنا ہے۔

مظفرآباد کے فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس میں مجالسِ عزائے فاطمی کا انعقاد؛ بیت الحزن، جنت البقیع کے مناظر کی منظرکشی

اس ضمن میں اس بات پر زور دیا گیا کہ معرفتِ زہرا کا حقیقی ثبوت اطاعتِ زہرا ہے اور یہی حقیقی عزاداری ہے۔ مجالس میں حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی عملی زندگی کے پانچ اہم پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا، جن میں خداوندِ متعال سے تعلق، اہلِ خانہ کے ساتھ حسنِ سلوک، معاشرے کے ساتھ طرزِ تعامل، معاشی معاملات میں ذمہ دارانہ رویہ اور سیاسی و اجتماعی کردار شامل ہیں۔ مقررین نے واضح کیا کہ ایک کامیاب اور ذمہ دارانہ زندگی کے لیے ان تمام شعبوں میں توازن اور اعتدال ضروری ہے، جس کی بہترین عملی مثال سیرتِ حضرت زہراءؑ میں ملتی ہے۔

مزید کہا گیا کہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا صرف خواتین ہی کے لیے نہیں، بلکہ تمام مردوں اور عورتوں کے لیے قیامت تک اسوۂ کاملہ ہیں۔ آپؑ نے دفاعِ حق و ولایت اور سیاسی و اجتماعی شعور کا جو عملی نمونہ پیش کیا، وہ امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور تک اہلِ حق کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

مظفرآباد کے فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس میں مجالسِ عزائے فاطمی کا انعقاد؛ بیت الحزن، جنت البقیع کے مناظر کی منظرکشی

مجلس سے اس بات پر بھی تاکید کی گئی کہ نجات کا راستہ حضرت زہراءؑ کی حقیقی معرفت حاصل کرنے، آپؑ کی اطاعت اختیار کرنے اور اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کو آپؑ کی سیرت کے مطابق ڈھالنے میں مضمر ہے۔

مجالس کا ایک نہایت اثر انگیز حصہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی مظلومیت کی یاد تازہ کرنے کے لیے مخصوص تھا، جس میں مختلف تاریخی و عزائی مناظر کی شبیہیں اور تمثیلی مناظر پیش کیے گئے۔

اس سلسلے میں بیت الحزن کی شبیہ کے ذریعے رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد حضرت زہراءؑ کے غم و اندوہ، گریہ و زاری اور سوگ کی کیفیت کو اجاگر کیا گیا۔ اس منظر نے حاضرین کو آپؑ کے صبر، عبادت اور رضائے الٰہی کی خاطر برداشت کیے گئے مصائب کی یاد دلائی۔

مظفرآباد کے فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس میں مجالسِ عزائے فاطمی کا انعقاد؛ بیت الحزن، جنت البقیع کے مناظر کی منظرکشی

اسی طرح جنت البقیع کی شبیہ کے ذریعے اس مقدس قبرستان کی مظلومانہ خاموشی اور خاتونِ جنت حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی قبرِ مطہر کی نامعلوم نشانی کو نمایاں کیا گیا، جو آپؑ کی مظلومیت کی ایک دردناک علامت ہے۔

اس کے علاوہ جلائے گئے دروازے کی شبیہ بھی پیش کی گئی، جس کے ذریعے خانۂ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے دروازے کو جلائے جانے سے وابستہ دردناک واقعات اور مصائب کی منظرکشی کی گئی۔ اس دروازے کو رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد و رفت اور نزولِ وحی سے نسبت حاصل تھی۔

مظفرآباد کے فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس میں مجالسِ عزائے فاطمی کا انعقاد؛ بیت الحزن، جنت البقیع کے مناظر کی منظرکشی

اسی طرح حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ شہادت اور تدفین کی یاد میں تابوتِ حضرت زہراءؑ برآمد کیا گیا، جس کے ذریعے رات کی تاریکی میں آپؑ کی تدفین کے دردناک واقعے کو یاد کیا گیا۔ ان مناظر نے حاضرین کے جذبات کو بے حد متاثر کیا اور ماحول کو سوگوار بنا دیا۔

ان تمام عزائی مناظر کے ذریعے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی مظلومیت، دفاعِ حق و ولایت میں آپؑ کی استقامت اور راہِ حق میں پیش کی گئی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha