حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین رمضانی نے گزشتہ شب ایران کے شہر رشت میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی نظریۂ حکومت میں ولایت فقیہ کے مقام و اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ ولایت فقیہ اسلامی نظامِ حکومت میں امامت کا مظہر ہے اور اس سیاسی نظام کا مقصد معاشرے میں عدل و انصاف قائم کرنا اور انسانیت کی رہنمائی کرنا ہے۔ یہ نظام انبیائے الٰہی اور ائمہ معصومین(ع) کے مشن کا تسلسل ہے۔
مجمع جہانی اہل بیت(ع) کے سکریٹری جنرل نے رہبر انقلاب سے تجدید عہد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس راستے پر ثابت قدم رہنا حق کا راستہ اختیار کرنے کے مترادف ہے۔ موجودہ پیچیدہ حالات میں ولایت فقیہ کی پیروی ماڈرن جاہلیت اور عالمی نظامِ تسلط کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
انہوں نے قومی اتحاد و یکجہتی کو رہبر کی پیروی سے وابستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی قومی اتحاد اسی وقت قائم ہوسکتا ہے جب معاشرہ ولایت کے محور پر متحد ہو۔
حجۃ الاسلام والمسلمین رمضانی نے مسلسل کئی راتوں سے عوام کی میدانوں میں موجودگی کو محاذ مقاومت کے مجاہدین کی حمایت کا عملی مظاہرہ قرار دیا اور کہا کہ عوام کی یہ مسلسل شرکت ان کی بصیرت، وفاداری اور ثابت قدمی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے خطاب کے اختتام پر حق کے محاذ کے روشن مستقبل کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سرزمین کے نوجوان دینی اور انقلابی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے دنیا بھر میں اسلام کا پرچم بلند کریں گے۔










آپ کا تبصرہ