پیر 16 نومبر 2026 - 13:33
مجتمع علماء و خطباء ممبئی کے زیرِ اہتمام ڈاکٹر محمد مہدی ایمانی پور کے اعزاز میں استقبالیہ نشست؛ 60 سے زائد علماء و خطباء کی شرکت

مجتمع علماء و خطباء ممبئی کے زیرِ اہتمام ڈاکٹر محمد مہدی ایمانی پور کے اعزاز میں استقبالیہ نشست؛ 60 سے زائد علماء و خطباء کی شرکت

تبلیغِ دین کی کامیابی کے لیے اخلاصِ نیت اور سیرتِ اہلِ بیتؑ کی پیروی بنیادی اہمیت رکھتی ہے: ڈاکٹر ایمانی پور

حوزہ/ مجتمع علماء و خطباء ممبئی کے زیرِ اہتمام اسلامی ثقافت و روابطِ عامہ ایران کی تنظیم کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر محمد مہدی ایمانی پور کے اعزاز میں استقبالیہ نشست منعقد ہوئی، جس میں 60 سے زائد علماء و خطباء نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ایمانی پور نے ایامِ عزائے فاطمیہ کو تبلیغِ دین کا عظیم موقع قرار دیتے ہوئے اخلاصِ نیت اور سیرتِ اہلِ بیت علیہم السلام کی پیروی پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ممبئی/ مسجد ایرانیان، ممبئی میں مجتمع علماء و خطباء ممبئی کی جانب سے اسلامی ثقافت و روابطِ عامہ کی تنظیم کے سربراہ، حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر محمد مہدی ایمانی پور کے اعزاز میں ایک خصوصی استقبالیہ نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں ممبئی اور اطراف کے علاقوں سے تشریف لانے والے 60 سے زائد علماء، خطباء اور مبلغین نے شرکت کی۔

مجتمع علماء و خطباء ممبئی کے زیرِ اہتمام ڈاکٹر محمد مہدی ایمانی پور کے اعزاز میں استقبالیہ نشست؛ 60 سے زائد علماء و خطباء کی شرکت

جلسے کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری مولانا محمد علی نجفی کو حاصل ہوئی۔ نظامت کے فرائض مولانا سید عابد رضا رضوی صاحب نے انجام دیے۔ انہوں نے جلسے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس نشست کا بنیادی مقصد اسلامی ثقافت و روابطِ عامہ کی تنظیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد مہدی ایمانی پور سے خصوصی ملاقات اور تبادلۂ خیال ہے، تاکہ مبلغینِ دین اپنے تبلیغی فرائض کو مزید بہتر اور مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس نشست کا ایک اہم مقصد ایران اور ہندوستان کی قدیم تہذیب و ثقافت کے فروغ اور باہمی روابط کو مضبوط بنانا بھی ہے، کیونکہ دونوں ممالک تہذیبی و ثقافتی اعتبار سے ایک عظیم تاریخی ورثے کے حامل ہیں۔

مجتمع علماء و خطباء ممبئی کے زیرِ اہتمام ڈاکٹر محمد مہدی ایمانی پور کے اعزاز میں استقبالیہ نشست؛ 60 سے زائد علماء و خطباء کی شرکت

اس موقع پر کرلا ممبئی کے امام جمعہ مولانا سید غلام عسکری نے مہمانِ گرامی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں ایک دوسرے کی تہذیب و ثقافت کو سمجھنے اور اس سے واقفیت حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، تاکہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات مزید مستحکم اور خوش گوار صورت اختیار کر سکیں۔

انجمن ثاراللہ کے سربراہ مولانا فرمان موسوی نے بھی ڈاکٹر ایمانی پور کا استقبال کرتے ہوئے ممبئی کے علماء کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے علماء محدود وسائل اور امکانات کے باوجود بہترین دینی و تبلیغی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہیں مختلف چیلنجوں اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس کے باوجود وہ پوری ثابت قدمی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ ایسے علماء کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کے لیے حتی المقدور وسائل و سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

مجتمع علماء و خطباء ممبئی کے زیرِ اہتمام ڈاکٹر محمد مہدی ایمانی پور کے اعزاز میں استقبالیہ نشست؛ 60 سے زائد علماء و خطباء کی شرکت

مسجد ایرانیان کے سابق امامِ جماعت مولانا محسن ناصری نے بھی اظہارِ خیال کیا اور مہمانِ گرامی کی گفتگو کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے ان کی نصیحتوں اور تجاویز پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔

بعد ازاں ممبئی میں ایرانی کلچر ہاؤس کے سربراہ جناب فاضل نے خطاب کیا۔ انہوں نے مجتمع علماء و خطباء ممبئی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ، ممبئی کے علماء باہمی تعاون اور اتحاد کے ساتھ بہترین دینی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علمائے ممبئی کی ہر ممکن حمایت اور سرپرستی کی جانی چاہیے، تاکہ ان کی خدمات کا دائرہ مزید وسیع ہو سکے۔

مجتمع علماء و خطباء ممبئی کے زیرِ اہتمام ڈاکٹر محمد مہدی ایمانی پور کے اعزاز میں استقبالیہ نشست؛ 60 سے زائد علماء و خطباء کی شرکت

اس کے بعد مجتمع علماء و خطباء ممبئی کی جانب سے مولانا سید عابد رضا رضوی نے ادارے کی مختلف سرگرمیوں اور کارگزاریوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مجتمع محدود وسائل کے باوجود علماء و خطباء کی خدمت اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے حتی المقدور کوشش کر رہا ہے۔ ان خدمات میں ماہِ رمضان کے دوران دینی کلاسوں کا انعقاد خصوصی اہمیت رکھتا ہے، جس کے نتیجے میں نوجوان نسل میں دینی شعور اور بیداری پیدا ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مجتمع اپنے مبلغین کی ضروریات اور مشکلات کے حل کے لیے بھی حتی الامکان کوشاں رہتا ہے۔ اس سلسلے میں علاج و معالجے کے اخراجات میں تعاون، بچوں کی تعلیمی فیس کی ادائیگی اور دیگر مشکل حالات میں ان کی مدد شامل ہے۔ گویا مجتمع اپنے مبلغین کے ساتھ زندگی کے مختلف مراحل اور مشکلات میں شانہ بشانہ کھڑے رہنے کی کوشش کرتا ہے۔

مجتمع علماء و خطباء ممبئی کے زیرِ اہتمام ڈاکٹر محمد مہدی ایمانی پور کے اعزاز میں استقبالیہ نشست؛ 60 سے زائد علماء و خطباء کی شرکت

آخر میں جلسے کے مہمانِ خصوصی، اسلامی ثقافت و روابطِ عامہ کی تنظیم کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر محمد مہدی ایمانی پور نے خطاب کیا۔ انہوں نے مجتمع علماء و خطباء ممبئی کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس کے ذمہ داران اور تمام علماء کی کاوشوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔

ایامِ عزائے فاطمیہ کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایامِ عزائے فاطمیہ ہمارے لیے ایک عظیم نعمت اور قیمتی موقع ہیں، جن سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے ہمیں تبلیغِ دین کے میدان میں زیادہ سے زیادہ جدوجہد کرنی چاہیے۔ بنتِ رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی محبت ہماری نجات کا ضامن ہے اور آپ کی سیرت ہمارے لیے بہترین نمونۂ عمل ہے۔ لہٰذا ہمیں آپ کی سیرتِ طیبہ کو اپنی عملی زندگی میں اپناتے ہوئے اپنے اعمال میں اخلاص پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، کیونکہ اخلاص ہی ہمارے کاموں کو زیادہ مقبول اور مؤثر بناتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دینی و تبلیغی خدمات کی کامیابی کے لیے اخلاصِ نیت اور سیرتِ اہلِ بیت علیہم السلام کی پیروی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

نشست کے اختتام پر ڈاکٹر محمد مہدی ایمانی پور نے تمام شرکائے جلسہ کا شکریہ ادا کیا اور حاضرین سمیت تمام مومنین کے لیے دعائیں فرمائیں۔

یہ نشست باہمی تبادلۂ خیال، علمی و تبلیغی روابط کے فروغ اور ایران و ہندوستان کے دیرینہ تہذیبی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے ایک اہم اور مفید پیش رفت ثابت ہوئی۔

آخر میں مجتمع علماء و خطباء ممبئی کی جانب مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد مہدی ایمانی پور کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha