حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اپنے ایک بیان میں آغا حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم سمیت شیعہ علماء اور دینی شخصیات کے خلاف سخت عدالتی فیصلے انتہائی تشویش کا باعث ہیں۔ دینی و مذہبی قیادت کو ان کی علمی، تبلیغی اور مذہبی سرگرمیوں کی بنیاد پر مقدمات اور سزاؤں سے دوچار کرنا کسی بھی صورت قابل جواز نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی رہنماؤں کو دباؤ اور خوف کے ذریعے خاموش کرانے کی کوششیں نہ صرف مذہبی آزادی کو محدود کرتی ہیں بلکہ معاشرتی ہم آہنگی اور انصاف کے تقاضوں کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔
آغا حسن نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی جانب سے بحرین میں عدالتی کارروائیوں کے دوران منصفانہ سماعت، قانونی دفاع اور زیر حراست افراد کے ساتھ سلوک سے متعلق سامنے آنے والے تحفظات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان الزامات کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات ناگزیر ہیں۔ کسی بھی فرد کو قانونی ضمانتوں اور منصفانہ عدالتی عمل سے محروم رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔
صدرِ انجمن نے بحرینی حکام پر زور دیا کہ وہ انتقامی طرز عمل سے گریز کرتے ہوئے شیعہ علماء کے خلاف قائم مقدمات اور صادر کیے گئے فیصلوں کا ازسرنو جائزہ لیں، تمام قانونی تقاضوں اور انسانی حقوق کے مسلمہ اصولوں کو یقینی بنائیں اور غیر منصفانہ طور پر زیر حراست دینی شخصیات کی رہائی کے لیے فوری اقدامات کریں۔
انہوں نے اقوام متحدہ، بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں، عالم اسلام کی مقتدر دینی شخصیات اور حوزہ ہائے علمیہ سے اپیل کی کہ وہ بحرین میں مذہبی آزادی اور شیعہ علماء کے تحفظ کے معاملے پر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور اس سنگین صورتحال کے تدارک کے لیے مؤثر سفارتی و انسانی حقوق کی سطح پر آواز بلند کریں۔
آغا حسن الموسوی الصفوی نے مزید کہا کہ علماء اور دینی شخصیات کا وقار کسی مخصوص مسلک یا خطے تک محدود معاملہ نہیں، بلکہ یہ علم، مذہبی آزادی، انسانی احترام اور بنیادی شہری حقوق کے تحفظ سے وابستہ ایک اصولی مسئلہ ہے۔
انہوں نے بحرین کے علماء، ان کے اہل خانہ اور وہاں کے مومنین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں ہر قسم کے ظلم و جبر سے محفوظ رکھے اور حالات میں بہتری، انصاف اور امن کی راہیں ہموار فرمائے۔










آپ کا تبصرہ