جمعرات 19 نومبر 2026 - 17:57
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی حرم امام رضاؑ کے رواق دارالسعادہ میں سپرد خاک

حوزہ/ مرجعِ عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانی کی نمازِ جنازہ اور تدفین جمعرات کے روز مشہد مقدس میں عقیدت و احترام کے ساتھ انجام پائی۔ اس موقع پر علماء، دینی شخصیات، سرکاری عہدیداران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کا جنازہ مشہد مقدس کے مدرسۂ علمیہ آیت اللہ خوئی سے چہارراہ شہداء ہوتا ہوا حرم مطہر امام رضاؑ پہنچا، جہاں صحن پیامبر اعظمؐ میں آخری مجلس عزا منعقد ہوئی۔

نمازِ ظہرین کے بعد آیت اللہ سید احمد علم الہدیٰ، امام جمعہ مشہد کی امامت میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ بعد ازاں مرحوم مرجعِ عالی قدر کی وصیت، اہل خانہ کی درخواست اور آستان قدس رضوی کے متولی کی منظوری کے مطابق، آپ کے جسدِ خاکی کو حرم مطہر رضوی کے رواق دارالسعادہ میں، حضرت امام رضاؑ کے قدمین مبارک کے قریب سپردِ خاک کیا گیا۔

آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی حرم امام رضاؑ کے رواق دارالسعادہ میں سپرد خاک

اس موقع پر صدرِ ایران کے مشیر برائے امورِ روحانیت حجۃ الاسلام علی عماد، وزیر علوم، تحقیقات و ٹیکنالوجی حسین سیمایی صراف، سربراہ سازمان تبلیغات اسلامی حجۃ الاسلام محمد قمی، نمائندۂ ولی فقیہ در خراسان رضوی آیت اللہ سید احمد علم الہدیٰ اور مدیر حوزہ علمیہ خراسان حجۃ الاسلام علی خیاط سمیت متعدد اہم شخصیات موجود تھیں۔

واضح رہے کہ آج شام ساڑھے چھ بجے رہبر معظم انقلاب اسلامی کی جانب سے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی یاد میں مجلسِ تعزیت حرم مطہر امام رضا علیہ السلام کے رواق امام خمینیؒ میں منعقد کی جائے گی۔

قابلِ ذکر ہے کہ رواق دارالسعادہ حرم مطہر رضوی کے مشرقی حصے میں واقع تاریخی رواقوں میں سے ایک ہے، جس کی تعمیر قاجار دور سے تعلق رکھتی ہے۔ صحن نو (موجودہ صحن آزادی) کی تعمیر کے بعد 1251 سے 1263 ہجری قمری کے دوران خراسان کے گورنر اللہ یار خان آصف الدولہ کے عہد میں ایوان طلائے ناصری اور گنبد حاتم خانی کے درمیان واقع جگہ کو مسقف کرکے دارالسعادہ کا نام دیا گیا۔ یہ رواق اپنی منفرد گنبدی ساخت، مقرنس کاری اور قدیم طرزِ تعمیر کے باعث تاریخی و معماری اہمیت کا حامل

ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha