حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عقل و حکمت، تقویٰ، حصول علم، قناعت اور حقیقی عزت و سربلندی کے اسلامی معیارات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی نگاہ میں انسان کی حقیقی عظمت کا تعین مال و دولت، اقتدار، منصب اور شہرت سے نہیں بلکہ ایمان، تقویٰ، کردار اور اطاعت الٰہی سے ہوتا ہے۔

آغا حسن الموسوی الصفوی نے حضرت امام رضا علیہ السلام کی احادیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی عقل مندی محض ذہانت یا ظاہری فہم و فراست کا نام نہیں بلکہ دوراندیشی، بصیرت اور آخرت کی فکر اس کی بنیادی علامات ہیں۔ ایک صاحب عقل انسان اپنی زندگی کے فیصلوں میں انجام اور آخرت کو پیش نظر رکھتا ہے اور دنیا کی عارضی آسائشوں کے بجائے دائمی کامیابی کو ترجیح دیتا ہے۔
انہوں نے حصول علم کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایک مومن کو زندگی کے آخری لمحات تک علم و دانش کے حصول کے لیے کوشاں رہنا چاہیے۔ علم محض رسمی تعلیم یا معلومات کا نام نہیں بلکہ کائنات میں پھیلی نشانیوں، انسانی تجربات اور حقائق سے معرفت حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے حضرت امیرالمؤمنین امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے علم، فہم اور بصیرت کو مومن کی زندگی کا لازمی سرمایہ قرار دیا۔

آغا حسن نے مزید کہا کہ اسلام مال و دولت کو بذات خود برا نہیں سمجھتا بلکہ جائز ذرائع سے رزق حاصل کرنے اور معاشی ترقی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، تاہم مال و دولت کو ایمان، اصولوں اور دینی ذمہ داریوں پر ترجیح دینا انسان کو گمراہی کی طرف لے جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ مال و دولت اور دنیاوی اقتدار کی ہوس نے متعدد افراد کو حق سے دور کیا، جبکہ انبیائے کرام، اولیائے الٰہی اور صاحبان ایمان نے سادگی، قناعت اور رضائے الٰہی کو اپنی زندگی کا شعار بنایا۔
انہوں نے حقیقی عزت و سربلندی کے تصور پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دنیاوی معیار کے مطابق مال، منصب، اقتدار اور شہرت کو عزت سمجھا جاتا ہے، لیکن قرآن کریم کا معیار اس سے بالکل مختلف ہے۔ حقیقی عزت صرف اللہ تعالیٰ، اس کے رسولؐ اور اہل ایمان کے لیے ہے۔ انہوں نے سورۂ منافقون کی آیت وَللّٰه الْعزَّةُ وَلرَسُوله وَللْمُؤْمنينَ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عزت کا سرچشمہ ذات الٰہی ہے، جبکہ نافرمانی، خودغرضی اور دنیا پرستی انسان کو ذلت و رسوائی سے دوچار کرتی ہے۔

آغا حسن الموسوی الصفوی نے امت مسلمہ کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی حقیقی سربلندی اسی وقت ممکن ہے جب وہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت، دینی اصولوں اور قرآنی تعلیمات کو اپنی اجتماعی و انفرادی زندگی کا محور بنائیں۔ انہوں نے فلسطین کے مظلوم عوام اور مجاہدین کی استقامت کا حوالہ دیتے ہوئے حق، حریت اور دینی اقدار کے تحفظ کے لیے ثابت قدمی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
خطاب کے دوران انہوں نے معاشرتی اور عوامی مسائل کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے بڈگام ریلوے اسٹیشن پر بھاری مقدار میں سڑا ہوا گوشت ضبط کیے جانے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت اور زندگیوں سے کھلواڑ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ متعلقہ حکومتی اداروں اور انتظامیہ کو چاہیے کہ غذائی تحفظ کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں، غیر قانونی طور پر مضر صحت اور سڑا ہوا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام کو صرف صاف، محفوظ اور حلال غذا دستیاب ہو۔ انہوں نے اس ضمن میں علماء کرام، دینی اداروں اور سماجی حلقوں سے بھی عوامی بیداری پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

خطاب کے اختتام پر امت مسلمہ کی سربلندی، مظلومین کی کامیابی، معاشرے میں امن و استحکام اور دینی و ملی اداروں کی ترقی کے لیے دعا کی گئی۔










آپ کا تبصرہ