جمعہ 20 نومبر 2026 - 17:26
دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے خطرات سے بچانے کے لیے امریکہ کو اپنی دادا گیری ختم کرنا ہوگی؛ اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری کا احترام کیا جائے، علامہ شیخ حسن سروری

حوزہ/ مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے نائب امام جمعہ علامہ شیخ حسن سروری نے عالمی کشیدگی، جوہری ہتھیاروں کے بڑھتے خطرات اور اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری و سلامتی کے حوالے سے اہم گفتگو کی۔ انہوں نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ دھمکیوں اور تصادم کے بجائے امن و مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ انہوں نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی رحلت پر تعزیت کے علاوہ پاکستان کے سیاسی حالات اور بلتستان کے اہم عوامی مسائل پر بھی اظہارِ خیال کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سکردو/ مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو، بلتستان میں 20 نومبر 2026ء، بمطابق 9 جمادی الثانی 1448ھ، نمازِ جمعہ کا خطبہ نائب امام جمعہ علامہ شیخ حسن سروری نے دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں تقوائے الٰہی، شکرگزاری، والدین کے حقوق، اخلاقی پاکیزگی اور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف سے وابستگی کی اہمیت بیان کرنے کے ساتھ عالمِ تشیع کے عظیم مرجع آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت پر تعزیت پیش کی۔ خطبۂ دوم میں عالمی کشیدگی، جوہری ہتھیاروں کے خطرات، اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری، پاکستان کے سیاسی حالات اور بلتستان کے مختلف عوامی و انتظامی مسائل کی جانب بھی توجہ دلائی۔

دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے خطرات سے بچانے کے لیے امریکہ کو اپنی دادا گیری ختم کرنا ہوگی؛ اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری کا احترام کیا جائے، علامہ شیخ حسن سروری

خطبۂ اول: تقوائے الٰہی، شکرگزاری اور والدین کے حقوق

علامہ شیخ حسن سروری نے خطبۂ اول کا آغاز تقوائے الٰہی کی تاکید سے کرتے ہوئے امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی آخری وصیت کا حوالہ دیا، جس میں آپؑ نے تقویٰ، نظم و ضبط اور باہمی تعلقات کی اصلاح پر خصوصی تاکید فرمائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تقویٰ صرف عبادات تک محدود نہیں، بلکہ انسان کے کردار، معاملات، گفتگو، کاروبار، خاندانی زندگی اور معاشرتی تعلقات میں بھی اس کا عملی اظہار ہونا چاہیے۔ ہمیں اپنے فرائض کی ادائیگی، رشتہ داروں سے حسنِ سلوک اور ہمسایوں کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے۔

انہوں نے مومنین کی دعاؤں کی درخواستوں کا ذکر کرتے ہوئے بیماروں کی شفایابی، مسافروں کی سلامتی، طلبہ و طالبات کی کامیابی اور مسجد کے خدام و معاونین کے لیے دعائیں کیں۔ بالخصوص کویت میں آئی سی یو میں زیرِ علاج کتی شو کے ایک نوجوان کی صحتِ کاملہ و عاجلہ کے لیے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے وسیلے سے دعا کی۔

جمعہ کے دن کی امام زمانہ حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف سے خصوصی نسبت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے تعجیلِ ظہور کی دعا کی اور مومنین کو امامؑ کے حقیقی منتظرین اور مخلص پیروکاروں میں شامل ہونے کی دعا کرنے کی تلقین کی۔

شکرگزاری کے موضوع پر گزشتہ جمعوں میں جاری گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے سورۂ لقمان کی آیت 14 کا حوالہ دیا، جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے شکر کے ساتھ والدین کے شکر اور ان کے ساتھ احسان و حسنِ سلوک کی بھی تاکید فرمائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسان کو اپنے وجود، انسانیت، ایمان اور اسلام جیسی عظیم نعمتوں پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ محبتِ اہلِ بیت علیہم السلام، عزاداری اور خاندانِ رسالت سے وابستگی بھی اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ عظیم نعمتیں ہیں۔

علامہ سروری نے صحت، امن و سلامتی اور نمازِ جمعہ میں شرکت کی توفیق کو بھی اللہ تعالیٰ کی اہم نعمتیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بلتستان میں حاصل امن و سکون کی قدر کرنی چاہیے اور ان نعمتوں پر شکر ادا کرنا چاہیے۔

والدین کے مقام و مرتبے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سورۂ مؤمنون کی آیات 12 اور 13 کا حوالہ دیا اور کہا کہ والدین کا احترام، ان کی خدمت، ان کے آرام کا خیال اور ان کے حقوق کی ادائیگی ہماری بنیادی دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ والدین کے سامنے آواز بلند کرنا اور ان کی دل آزاری کرنا نامناسب عمل ہے۔

انہوں نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی تعلیمات کی روشنی میں زکریا بن ابراہیم کا واقعہ بیان کیا، جو پہلے عیسائی تھے اور بعد میں مسلمان ہوئے۔ امامؑ نے انہیں اپنے غیر مسلم والدین کے ساتھ بھی نیکی اور حسنِ سلوک کا حکم دیا۔ اس واقعے سے واضح ہوتا ہے کہ والدین کے ساتھ احترام اور خدمت کا معاملہ ان کے مسلمان یا غیر مسلم ہونے سے مشروط نہیں۔

انہوں نے سورۂ بقرہ کے واقعۂ گائے کا ذکر کرتے ہوئے گفتگو میں سنجیدگی اختیار کرنے، جھوٹ اور دل آزاری پر مبنی مذاق سے اجتناب کرنے کی تاکید کی۔ اسی واقعے کے ضمن میں ایک نیک نوجوان کی حکایت بیان کی، جس نے اپنے والد کے آرام کی خاطر مالی منفعت کا ایک بڑا موقع چھوڑ دیا تھا۔

خطبے کے اس حصے میں انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کو امت کے روحانی والدین قرار دینے والی روایت کا حوالہ بھی دیا۔

امام زمانہؑ کی معرفت اور قربت کے لیے اصلاحِ نفس اور پاکیزگیِ نگاہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے انہوں نے سورۂ نور کی آیت 30 کی تلاوت کی اور کہا کہ مؤمنین کو اپنی نگاہوں، زبانوں، اعمال اور دلوں کو گناہوں سے محفوظ رکھنا چاہیے۔ بالخصوص سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے استعمال میں بھی نگاہ کی حفاظت اور اخلاقی پاکیزگی کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

خطبۂ اول کے اختتام پر انہوں نے والدین کی خدمت، مرحومین کی مغفرت، بیماروں کی شفایابی، اخلاقی و روحانی اصلاح اور امام زمانہؑ کے ظہور میں تعجیل کے لیے دعا کی۔

دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے خطرات سے بچانے کے لیے امریکہ کو اپنی دادا گیری ختم کرنا ہوگی؛ اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری کا احترام کیا جائے، علامہ شیخ حسن سروری

خطبۂ دوم: آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی رحلت پر تعزیت اور علمی خدمات کا تذکرہ

علامہ شیخ حسن سروری نے خطبۂ دوم کے آغاز میں عالمِ تشیع کے ممتاز مرجعِ تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ الحاج شیخ حسین وحید خراسانی رحمۃ اللہ علیہ کی رحلت پر حضرت امام زمانہؑ، مراجعِ عظام، علمائے کرام، حوزاتِ علمیہ اور تمام مومنین و مؤمنات کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی۔

انہوں نے آیت اللہ وحید خراسانیؒ کو ایک بلند پایہ فقیہ، اصولی، محقق اور صاحبِ بیان علمی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ فقہ اور اصولِ فقہ، بالخصوص علمِ اصول میں ان کا مقام نہایت بلند تھا۔ حوزۂ علمیہ قم کے ہزاروں طلبہ اور اہلِ علم ان کے علمی دروس سے استفادہ کرتے رہے۔ انہوں نے آیت اللہ العظمیٰ بروجردی اور آیت اللہ العظمیٰ خوئی جیسی عظیم علمی شخصیات سے کسبِ فیض کیا تھا۔

انہوں نے مرحوم کی اہلِ بیت علیہم السلام سے والہانہ محبت، بالخصوص حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام سے خصوصی عقیدت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایامِ فاطمیہ میں ان کا اہتمام اور عزاداری میں شرکت ان کی دینی و روحانی زندگی کا نمایاں پہلو تھا۔

علامہ سروری نے حدیث «عَلِيٌّ مَعَ الْقُرْآنِ وَالْقُرْآنُ مَعَ عَلِيٍّ» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانیؒ حضرت علی علیہ السلام کو قرآنِ ناطق قرار دیتے اور قرآن مجید کے معارف و تعلیمات کی تشریح میں آپؑ کے مقام کو بنیادی اہمیت دیتے تھے۔

انہوں نے فقہاء کے مقام و ذمہ داریوں کے حوالے سے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روایت «الْفُقَهَاءُ أُمَنَاءُ الرُّسُلِ مَا لَمْ يَدْخُلُوا فِي الدُّنْيَا» کا حوالہ دیا اور کہا کہ علمائے دین کی بنیادی ذمہ داری دین کی حفاظت، حق کی ترجمانی اور عوام کی رہنمائی ہے۔ انہیں دنیا پرستی اور ظالم حکمرانوں کے مفادات سے وابستگی سے اجتناب کرنا چاہیے۔

ہیپاٹائٹس سی کی روک تھام کے لیے عوام سے تعاون کی اپیل

عوامی صحت کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ہیپاٹائٹس سی، جسے عام طور پر کالا یرقان کہا جاتا ہے، کی روک تھام کے لیے شروع کیے گئے حکومتی پروگرام کا ذکر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کو بلتستان میں بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت عوام کے خون کے نمونے لے کر ٹیسٹ کیے جائیں گے اور مرض کی تشخیص ہونے کی صورت میں حکومت کی جانب سے مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے مومنین، اہلِ علاقہ اور بالخصوص خاندانوں کے سربراہان سے اپیل کی کہ وہ اس پروگرام میں بھرپور تعاون کریں، اپنا ٹیسٹ کروائیں اور اپنے عزیز و اقارب کو بھی اس کی ترغیب دیں۔

انہوں نے کہا کہ صحت اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اور اس کی حفاظت حکومت، محکمۂ صحت اور عوام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

بلتستان یونیورسٹی کے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کا تحفظ کیا جائے

علامہ سروری نے بلتستان یونیورسٹی کے بعض تعلیمی پروگراموں اور طلبہ و طالبات کی اسناد کے مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اطلاعات کے مطابق کمپیوٹر سائنس سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے والے بعض طلبہ کو تعلیمی اسناد کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متعلقہ تعلیمی پروگراموں میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مقرر کردہ معیار اور ضروری سہولیات سے متعلق مسائل کے باعث یہ صورتِ حال پیدا ہوئی ہے۔

انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ، وائس چانسلر، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور متعلقہ تعلیمی حکام سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل کیا جائے اور جن طلبہ نے باقاعدہ داخلہ لے کر تعلیم مکمل کی اور امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے، ان کے تعلیمی مستقبل اور جائز حقوق کا تحفظ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کا مستقبل انتظامی کمزوریوں اور ادارہ جاتی اختلافات کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔ تعلیم معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے مواقع کو محفوظ بنانا ضروری ہے۔

دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے خطرات سے بچانے کے لیے امریکہ کو اپنی دادا گیری ختم کرنا ہوگی؛ اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری کا احترام کیا جائے، علامہ شیخ حسن سروری

بلدیاتی انتخابات میں تاخیر اور غیر منصفانہ حلقہ بندیوں پر تشویش

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں کے عوام کو موجودہ حلقہ بندیوں پر تحفظات ہیں اور بعض حلقہ بندیاں آبادی، جغرافیائی صورتِ حال اور زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتیں۔

انہوں نے سکمیدان سمیت مختلف علاقوں کے تحفظات کا ذکر کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ حلقہ بندیوں کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے اور آبادی، جغرافیہ اور مقامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصفانہ حلقہ بندیاں کی جائیں۔

انہوں نے بلدیاتی انتخابات کو مزید ملتوی کرنے کی اطلاعات پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ عوام کو ان کے بنیادی جمہوری حق سے محروم نہیں رکھا جانا چاہیے۔ متعلقہ حکومت اور الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ تحفظات دور کرکے انتخابات جلد اور مقررہ شیڈول کے مطابق منعقد کرائیں۔

گیس کی فراہمی اور ایندھن کی بڑھتی قیمتوں پر حکام سے توجہ دینے کا مطالبہ

بلتستان میں سردیوں کے دوران گیس کی فراہمی اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علامہ سروری نے کہا کہ شدید سرد موسم میں عوام کو گرمائش کے لیے گیس اور لکڑی کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن گیس کی فراہمی کے مسائل اور بھاری بلوں کے ساتھ لکڑی کی قیمتوں میں اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اطلاعات کے مطابق خشک لکڑی کی قیمت تقریباً دو ہزار روپے جبکہ گیلی لکڑی کی قیمت سترہ سو سے اٹھارہ سو روپے تک پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے حکومتی ذمہ داران اور منتخب عوامی نمائندوں سے مطالبہ کیا کہ گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ایندھن مناسب نرخوں پر فراہم کیا جائے اور سردیوں کے موسم میں عوام کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج متعارف کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی بنیادی ذمہ داری عوام کے مسائل حل کرنا ہے اور عوام کو بھی انتخابات میں اپنے ووٹ کے ذریعے نمائندوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا حق حاصل ہے۔

دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے خطرات سے بچانے کے لیے امریکہ کو اپنی دادا گیری ختم کرنا ہوگی؛ اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری کا احترام کیا جائے، علامہ شیخ حسن سروری

عالمی طاقتیں جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے گریز کریں؛ ایران کی خودمختاری کا احترام کیا جائے

خطبۂ دوم کے بین الاقوامی موضوعات میں عالمی طاقتوں کے کردار، جوہری ہتھیاروں کے خطرات اور اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ حسن سروری نے کہا کہ بعض بڑی طاقتیں اپنی معاشی، عسکری اور تکنیکی قوت کی بنیاد پر دوسرے ممالک پر دباؤ ڈالنے اور اپنے مفادات مسلط کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کے درمیان سفارتی رابطے اور مذاکرات اہمیت رکھتے ہیں۔ چین، امریکہ اور روس سمیت بڑی طاقتوں کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے استعمال اور عالمی کشیدگی کے حوالے سے سفارتی کوششیں پوری انسانیت کے مفاد میں ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جوہری جنگ کا نقصان کسی ایک ملک تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پوری انسانیت اس کے تباہ کن نتائج سے متاثر ہوگی۔ اس لیے عالمی طاقتوں کو دھمکیوں اور تصادم کے بجائے امن، مذاکرات اور باہمی احترام کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی صورتِ حال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران نے مختلف مواقع پر بیرونی دباؤ اور دھمکیوں کے مقابلے میں اپنے مؤقف اور دفاعی صلاحیت کا اظہار کیا ہے۔ کسی بھی ملک کی خودمختاری، آزادی اور قومی سلامتی کا احترام کیا جانا چاہیے اور طاقت کے ذریعے دوسرے ممالک پر فیصلے مسلط کرنے کا رویہ عالمی امن کے لیے خطرناک ہے۔

انہوں نے بارگاہِ الٰہی میں دعا کی کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو دشمنوں کی سازشوں اور جارحیت سے محفوظ رکھے اور اسے عزت، سربلندی اور استحکام عطا فرمائے۔

دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے خطرات سے بچانے کے لیے امریکہ کو اپنی دادا گیری ختم کرنا ہوگی؛ اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری کا احترام کیا جائے، علامہ شیخ حسن سروری

پاکستان کے سیاسی حالات اور نئے صوبے کے معاملے پر قومی مفادات کو ترجیح دینے کی ضرورت

وطنِ عزیز پاکستان کے سیاسی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سروری نے نئے صوبے کے قیام سمیت مختلف آئینی، سیاسی اور انتظامی معاملات کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات میں ذاتی اور سیاسی مفادات کے بجائے قومی وحدت، آئینی تقاضوں اور عوامی خواہشات کو سامنے رکھنا چاہیے۔ پاکستان کی ترقی، استحکام اور سلامتی تمام شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے سیاست دانوں اور حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر مہنگائی، بے روزگاری، تعلیم، صحت، توانائی اور بنیادی سہولیات جیسے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک کے حکمرانوں اور سیاسی ذمہ داران کو اخلاص کے ساتھ عوام کی خدمت اور قومی وحدت برقرار رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

خطبے کے اختتام پر علامہ شیخ حسن سروری نے دین و ملت، انسانیت اور معاشرے کی خدمت کی توفیق، مرحومین کی مغفرت، بیماروں کی شفایابی، مسلمانوں کے درمیان اتحاد و اتفاق اور تمام مظلوموں کی نجات کے لیے دعا کی۔

انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کی عزت، استحکام اور سربلندی کے لیے بھی بارگاہِ الٰہی میں دعا کی اور مومنین کو اہلِ بیت علیہم السلام کی سیرت پر عمل کرنے، علمائے حق کی پیروی کرنے اور اپنی معاشرتی ذمہ داریاں ادا کرنے کی تاکید کی۔

خطبۂ جمعہ کی ترتیب و تہذیب: آغا زمانی

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha