ہفتہ 21 نومبر 2026 - 12:40
یورپ کے 20 ممالک میں نوجوانوں کے احتجاجی مظاہرے، مہنگائی اور فوجی اخراجات میں اضافے کے خلاف آواز بلند

حوزہ/ یورپ کے تقریباً 20 ممالک میں ہزاروں نوجوانوں اور شہریوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی، رہائش کے بحران، فوجی اخراجات میں اضافے اور عوامی خدمات کے بجٹ میں کٹوتیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔ مظاہرین نے نوجوان نسل کے مستقبل کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعہ 20 نومبر کو یورپ کے مختلف ممالک میں نوجوانوں نے احتجاجی مظاہروں اور ہڑتالوں کے ذریعے حکومتوں کی معاشی اور دفاعی پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھائی۔ ان مظاہروں کا مرکزی نعرہ تھا: ’’ہم اپنے مستقبل کے لیے لڑیں گے، ان کی جنگوں کے لیے نہیں۔‘‘ احتجاجی سرگرمیاں 21 اور 22 نومبر کو بھی جاری رہنے والی ہیں۔ ان مظاہروں کے انعقاد میں مزدور یونین، طلبہ تنظیموں اور مختلف سماجی انجمنوں نے حصہ لیا۔

اٹلی کے دارالحکومت روم اور شہر میلان میں ہزاروں افراد نے مظاہرے کیے۔ مزدور تنظیم CGIL کے مطابق، ملک بھر میں تقریباً 100 احتجاجی اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں 10 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اسلحہ سازی کے بجٹ اور روزمرہ زندگی کے بڑھتے اخراجات پر تنقید کرتے ہوئے حکومتی معاشی و سماجی پالیسیوں میں تبدیلی کا مطالبہ کیا۔

جرمنی میں بھی تقریباً 70 شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، جن میں 21 ہزار افراد کی شرکت کی اطلاع دی گئی۔ دارالحکومت برلن میں تقریباً ایک ہزار نوجوانوں نے فوجی طاقت میں اضافے اور لازمی فوجی خدمت کی ممکنہ بحالی کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے اور عوامی خدمات کے بجٹ میں کٹوتیاں روکنے پر زور دیا۔

فرانس میں تحریک یلو ویسٹ کی آٹھویں سالگرہ کے موقع پر پیرس میں سینکڑوں نوجوانوں نے فوجی نظام کے پھیلاؤ کے خلاف احتجاج کیا۔ اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں بھی سینکڑوں افراد نے فوجی اخراجات میں اضافے کے بجائے سرکاری تعلیم اور تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے وسائل مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں بھی طلبہ سمیت سینکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ مظاہرین نے فوجی پالیسیوں کے علاوہ طلبہ کے تعلیمی قرضوں، توانائی کے بحران، مہنگائی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا۔

دوسری جانب بیلجیم، برطانیہ، اسپین، فرانس، یونان، اٹلی اور پرتگال کی مزدور یونینوں اور رہائشی حقوق کی تنظیموں نے چھ مشترکہ مطالبات پیش کیے۔ ان میں سب کے لیے رہائش کی ضمانت، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی، اجرتوں میں اضافہ، دولت مند طبقے پر ٹیکس عائد کرنے اور اسلحہ سازی و فوجی اخراجات کی پالیسی ختم کرنے کے مطالبات شامل ہیں۔

فرانسیسی مؤرخ سیلوان بولوق نے ان احتجاجی مظاہروں کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف یورپی ممالک میں ان مظاہروں کا باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ انعقاد ایک قابلِ توجہ پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق، مظاہرین میں حکومتی طاقت اور پولیس پر عدم اعتماد بھی ایک مشترکہ رجحان کے طور پر سامنے آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، احتجاجی سرگرمیاں ہفتے کے اختتام پر ختم نہیں ہوں گی بلکہ بیلجیم میں بھی پیر کے روز مزید ہڑتالوں اور مظاہروں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha