بدھ 21 اکتوبر 2026 - 14:51
فرانس سمیت کئی یورپی ممالک میں احتجاجی مظاہروں میں شدت، مہنگائی اور رہائشی بحران اہم اسباب

حوزہ/ فرانس، اٹلی، بلجیم اور پرتگال سمیت کئی یورپی ممالک میں مہنگائی، رہائش کے بڑھتے اخراجات، تعلیمی مسائل اور عوامی خدمات کے معیار میں کمی کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شدت آگئی ہے۔ ان مظاہروں میں طلبہ، نوجوانوں اور دیگر شہریوں کی شرکت بڑھ رہی ہے، جبکہ بعض مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یورپ کے مختلف ممالک میں جاری احتجاجی مظاہروں کے پس منظر میں زندگی کے بڑھتے اخراجات، رہائش کی مشکلات، تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق مسائل اور تعلیم کے اخراجات میں اضافہ جیسے عوامل شامل ہیں۔ فرانس میں عوامی خدمات کی خراب صورت حال اور اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کے خلاف آواز اٹھائی جارہی ہے، جبکہ بلجیم میں طلبہ تعلیمی اخراجات میں اضافے اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی میں مشکلات پر احتجاج کررہے ہیں۔ پرتگال میں رہائش کا بحران اور روزمرہ اخراجات میں اضافہ عوامی بے چینی کی اہم وجوہات ہیں۔

اس سلسلے میں ایکتجزیاتی رپورٹ میں صحافی اور میڈیا کارکن رسول لطفی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ان مظاہروں سے ترقی کے دعوؤں اور عام شہریوں کی عملی زندگی کے درمیان فرق نمایاں ہوتا ہے۔ ان کے مطابق، تعلیم اور رہائش معاشرے کے مستقبل کے بنیادی ستون ہیں۔ اگر تعلیمی ادارے طلبہ کی ضروریات پوری نہ کرسکیں اور عام شہریوں کے لیے گھر حاصل کرنا مشکل ہوجائے تو معاشرتی مسائل مزید بڑھ جاتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، فرانس میں احتجاجی مظاہرے کئی ہفتوں سے جاری ہیں۔ طلبہ اور نوجوان اسکولوں میں اساتذہ کی کمی اور نامناسب تعلیمی حالات کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ ایک فرانسیسی طالب علم نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ان کے اسکول میں 6 ماہ سے استاد موجود نہیں اور بعض کلاسوں میں 35 طلبہ کو شدید گرمی میں تعلیم حاصل کرنا پڑتی ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ انہیں بنیادی تعلیمی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

احتجاجی تحریک میں زندگی کے بڑھتے اخراجات سے پریشان شہری اور جلیٹس ژونس (پیلی جیکٹ تحریک) کے نمائندے بھی شامل ہوگئے ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اٹلی کے شہر میلان میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا، جبکہ بعض مقامات پر پانی کی توپیں بھی استعمال کی گئیں۔ بلجیم کے شہروں بروکسل اور لیج سمیت بعض دیگر مقامات پر بھی جھڑپوں اور گرفتاریوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔

تجزیاتی رپورٹ میں فرانس کی حکومت کے احتجاج سے نمٹنے کے طریقۂ کار پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عوامی مطالبات کا جواب دینے کے بجائے پابندیوں اور پولیس کارروائیوں پر انحصار مسائل کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha