پیر 26 اکتوبر 2026 - 22:13
آیت الله عیسیٰ قاسم کا بحرین میں شرعی احکام کی پابندیوں کے خلاف سخت انتباہ؛ دینی فرائض کو حکومتی اجازت سے مشروط کرنا ناقابلِ قبول

حوزہ/ اسلامی تحریک بحرین کے رہنما نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بحرین میں اسلامی شریعت کے احکام پر عمل درآمد کو محدود کرنے والے فیصلوں کے خطرناک نتائج سے خبردار کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ یہ اقدامات دینی فرائض کی ادائیگی کو حکومت کی باضابطہ اجازت سے مشروط کر دیتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت الله شیخ عیسیٰ احمد قاسم نے ایک بیان میں بحرین میں کیے گئے ان فیصلوں کے نتائج سے خبردار کیا ہے جو اسلامی شریعت کے احکام پر عمل درآمد کو محدود کرتے ہیں۔ انہوں نے ان فیصلوں کو دینی فرائض کو ’’باضابطہ اجازت‘‘ کے تابع قرار دینے کے مترادف قرار دیتے ہوئے ان سے فوری اور واضح طور پر دستبردار ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

آیت الله شیخ عیسیٰ قاسم نے وضاحت کی کہ یہ فیصلے محض بعض دینی سرگرمیوں کو منظم کرنے تک محدود نہیں ہیں، بلکہ اس سے آگے بڑھ کر شرعی فرائض کی ادائیگی کو محدود کرتے ہیں۔ اس طرح ان فرائض کی انجام دہی کو حکام کی منظوری سے مشروط کر دیا جاتا ہے، جسے دین اور اس کے احکام کے حق پر حملہ تصور کیا جاتا ہے۔

اس بیان میں بعض دینی ذمہ داریوں، جن میں تبلیغ اور تقریر بھی شامل ہیں، کی انجام دہی کے لیے ابتدائی طور پر دو سالہ اجازت نامہ حاصل کرنے کی شرط کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس مدت کے بعد بھی ان سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے باضابطہ اجازت نامے کی درخواست دینا ضروری ہوگا۔

انہوں نے اس اقدام کو نہ تو کسی رعایت کے طور پر اور نہ ہی ان پیشوں سے وابستہ افراد کو تسلیم کرنے کے طور پر دیکھا، بلکہ اسے اس بات کا حق سرکاری ادارے کے لیے مستحکم کرنے کی کوشش قرار دیا کہ مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد وہ ان افراد کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے سے روک سکے۔

آیت الله شیخ عیسیٰ قاسم نے ان فیصلوں کو الله تعالیٰ کے حق، دین مبین اسلام کے احکام اور قرآنِ کریم کے ساتھ صریح تضاد قرار دیا اور تاکید کی کہ اس نوعیت کے اقدامات دینی سرگرمیوں کی خودمختاری اور علماء و اسلامی مدارس کے اس کردار کو متاثر کرتے ہیں جو وہ اپنی شرعی ذمہ داریاں ادا کرنے میں انجام دیتے ہیں۔

بحرین کی اسلامی تحریک کے رہنما نے مزید مطالبہ کیا کہ اگر یہ فیصلے ان کے نتائج سے ناواقفیت کی وجہ سے کیے گئے ہیں تو ان پر نظرثانی کرتے ہوئے انہیں واضح اور فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جب ان فیصلوں کی حقیقت اور ان کے تباہ کن پہلو واضح ہو جائیں گے، تب بھی ان پر اصرار خطرناک نتائج کا باعث بنے گا۔

آیت الله شیخ عیسیٰ قاسم نے اپنے بیان کے اختتام پر شرعی فرائض کو سرکاری فیصلوں کے تابع کرنے کے خطرات پر زور دیا اور اس مسئلے کو اس انداز میں حل کرنے کی ضرورت پر تاکید کی کہ شریعت کے احکام کا تقدس برقرار رہے اور ان امور کو محدود کرنے سے روکا جائے جنہیں الله تعالیٰ نے واجب قرار دیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha